ملاکنڈ: حملے میں چار فوجی ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ سرحد کی ملاکنڈ ایجنسی میں ایک فوجی قافلے پر ہونے والے حملے میں چار فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔ رواں ہفتے کے دوران کسی فوجی قافلے پر ہونے والا یہ دوسرا حملہ ہے۔ پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل وحید ارشد نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ حملہ جمعہ کی دوپہر چکدرہ کے مقام پر ایک فوجی قافلے پر کیا گیا جس میں چار فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن لیویز کے صوبیدار میجر مکرم خان نے بی بی سی کوبتایا کہ ایک فوجی قافلہ سوات جارہا تھا کہ سڑک کے کنارے کھڑی سائیکل میں نصب بم کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں میجر آفاق، لیفٹننٹ ضیاء اور دو سپاہی تنویر اور برکت شامل ہیں جبکہ ڈرائیور انور شدید زخمی ہوگئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ واقعہ کے بعد فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ فوج کے ایک ذمہ دار افسر اور ملاکنڈ ڈویژن کے اعلیٰ حکومتی اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا۔ مقامی افراد کا بھی کہنا ہے کہ ایک سائیکل پر سوار ایک خود کش حملہ آور نے قافلے کی پہلی گاڑی کے ساتھ اپنی سائیکل ٹکرا دی تاہم میجر جنرل وحید ارشد نے اس بات کی تردید کی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بدھ کو صوبہ سرحد کے ضلع بنوں میں ایک فوجی قافلے پر ہونے والے خودکش حملے میں چھ فوجیوں سمیت آٹھ افراد ہلاک اور بارہ زخمی ہوگئے تھے۔ بدھ کو ہی ملاکنڈ ڈویژن کے مینگورہ علاقے میں ایک بم دھماکے میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مظرالحق کاکاخیل زخمی اور چار راہگیر ہلاک ہوگئے تھے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہونے والے یہ دونوں حملے ایسے وقت کیے گئے ہیں جب حکومت اسلام آباد میں گزشتہ چار دن سے لال مسجد کے خلاف آپریشن کر رہی ہے تاہم میجر جنرل وحید ارشد کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا بظاہر لال مسجد کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ ملاکنڈ ایجنسی کے علاقے درگئی میں گزشتہ سال بھی ایک فوجی تربیتی مرکز پر خودکش حملے میں پینتالیس فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ | اسی بارے میں فوجی قافلے پر حملہ، آٹھ افراد ہلاک04 July, 2007 | پاکستان پاکستان میں فوجی قافلے پر حملہ22 March, 2004 | پاکستان وانا: قافلے پر حملہ، پانچ فوجی ہلاک27 September, 2004 | پاکستان قافلے پرحملہ، پانچ فوجی ہلاک20 October, 2004 | پاکستان فوجی قافلے پر حملہ، تین اہلکار ہلاک04 June, 2006 | پاکستان سرحد: فوجی قافلے پر خود کش حملہ03 February, 2007 | پاکستان فوجی قافلے پر حملہ، پانچ زخمی04 May, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||