قادیانی شخص کا اغوا اور رہائی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے ضلع لکی مروت سے تقریباً تین ہفتے قبل اغوا ہونے والے قادیانی مسلک کے صاحبزادہ محمد ایوب کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ رہائی کے بعد بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے ساٹھ سالہ صاحبزادہ محمد ایوب نے بتایا کہ انہیں جمعہ کی رات بنوں کے ہوائی اڈے کے قریب چھوڑ دیا گیا۔ ان کے مطابق انہیں یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ انہیں کس نے اور کیوں اغواء کیا تھا البتہ ان کا کہنا ہے کہ اغواء کار ان سے قادیانی مسلک سے متعلق سوال پوچھتے رہے اور انہیں مسلمان ہونے کی ترغیب دیتے رہے۔ صاحبزادہ ایوب کے مطابق انہیں ایک نا معلوم مقام پر ایک گھر میں رکھا گیا تھا اور اغواء کاروں نے ان کے ساتھ بہت ہی اچھا سلوک روا رکھا اور ان کے ساتھ کوئی مارپیٹ نہیں کی گئی۔ پانچ وقت نماز پڑھنے کی اجازت تھی اور ضرورت پڑنے پر دوائیں بھی دی جاتی رہیں۔ بات چیت کے دوران بظاہر ایسا معلوم ہورہا تھا کہ صاحبزادہ ایوب اغواء کے اسباب اور اغواء کاروں اور رہائی سے متعلق اصل بات چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لکی مروت کے محکمہ صحت کے اعلی اہلکار ڈاکٹر عبدالرحمن کو بھی رہا کردیا گیا تھا۔ قبائلی علاقوں سے ملحقہ صوبہ سرحد کے بنوں، لکی مروت اور ٹانک کے اضلاع میں حکومتی اہلکاروں اور بااثر افراد کے اغواء کرنے کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن ان میں سے بعض کو کچھ عرصے بعد چھوڑ دیا جا تا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اغواء کار بھار ی رقم لینے کے بعد مغویان کو رہا کرتے ہیں مگررہائی کے وقت انہیں پابند کیا جاتا ہے کہ وہ اس سلسلے میں کسی سے بات نہ کریں۔ مقامی طالبان پر الزام لگایا جا تا ہے کہ وہ مبینہ طور پراغواء کی وارداتوں میں ملوث ہوتے ہیں مگر مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں طالبانیت کے عمل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض جرائم پیشہ افراد مقامی طالبان کی روپ میں لوگوں کو تاوان کے لیے اغواء کرتے ہیں۔ | اسی بارے میں ’طالبان کے ہاتھوں قادیانی کا اغواء‘21 May, 2007 | پاکستان جماعت احمدیہ کا اردو پریس پر تعصب کا الزام08 February, 2005 | پاکستان سیالکوٹ میں احمدیوں پر حملہ25 June, 2006 | پاکستان احمدی رپورٹ، منافرت مہم08 March, 2006 | پاکستان توہین اسلام: شادی کارڈ پر مقدمہ06 October, 2004 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||