بلوچستان: سوئی چھاؤنی کا افتتاح | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صدر جنرل پرویز مشرف نے سوئی میں ایک فوجی چھاؤنی کا افتتاح کیا ہے اور کہا ہے کہ بلوچستان میں پینسٹھ فراری کیمپ تھے جن میں سے بیشتر ختم کر دیے گئے ہیں اور اب صرف تین رہ گئے ہیں جنہیں جلد ختم کر دیا جائے گا۔ بلوچ قوم پرست جماعتیں اس چھاؤنی کے قیام کی مخالفت کرتی آئی ہیں اور بلوچستان اسمبلی صوبے میں تین نئی چھاؤنیوں کے قیام کے خلاف متفقہ قرار داد منظور کر چکی تھی۔ نواب اکبر بگٹی کے ہلاکت کے بعد صدر جنرل پرویز مشرف کا ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کا پہلا دورہ ہے۔ صدر مشرف نے ڈیرہ بگٹی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افراد کو ہتھیار ڈالنے کی صورت میں عام معافی مِل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کریں اور اپنے گھر میں اپنے بچوں کے ساتھ امن سے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی میں ساڑھے آٹھ ارب روپے کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں اور اتنے فنڈز تو پچپن سالوں میں نہیں لگائے گئے اگر کوئی ثابت کردے تو وہ نوکری چھوڑ دیں گے۔ ان ساڑھے آٹھ ارب روپے کی تفصیل میں انہوں نے کہا کہ ایک لیبر کالونی اور کچھ رابطہ سڑکیں بنائی جا رہی ہیں۔ بلوچ قوم پرست جماعتوں کے مطابق زیادہ تر رقم چھاؤنی کے قیام پر لگائی جا رہی ہے۔ اپنے اس دورے کے دوران جنرل مشرف نے ڈیرہ بگٹی کی خواتین کے لیے پانچ سو سلائی مشینیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس جلسے میں بڑی تعداد میں سکولوں کے طلباء اور طالبات موجود تھے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار عطاءاللہ مینگل سے جب صدر پرویز مشرف کی تقریر کے حوالے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ترقی کی دعوے جھوٹے ہیں یہ سب کچھ صوبے کے باہر کے لوگوں کو دکھانے کے لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ بلوچستان کے لوگوں کو معلوم ہے کہ کتنی ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس رقم کا ذکر کیا جا رہا ہے وہ زیادہ تر انتظامیہ اور وزراء کے لیے ہے علاقے کے لیے نہیں ہے۔ سردار عطاءاللہ مینگل نے کہا کہ پنجاب میں، جہاں صدر مشرف کی کوئی نہیں سنتا، وہ چیف جسٹس کے حوالے سے ریلی کے بعد بلوچستان غصہ اتارنے آئے ہیں۔ دریں اثناء بلوچستان میں وکلا اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ نے یوم سیاہ کا اعلان کیا تھا۔ بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، بلوچ بار ایسوسی ایشن اور بلوچستان بار کونسل کے رہنماؤں نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ سبی شہر میں دو دھماکے ہوئے ہیں جن میں ایک شخص معمولی زخمی ہوا ہے۔ | اسی بارے میں دھماکہ:لاہورچھاؤنی میں متعدد زخمی03 August, 2006 | پاکستان بنوں چھاؤنی پر راکٹ حملہ12 March, 2006 | پاکستان سوئی میں حالات کشیدہ: مینگل16 January, 2005 | پاکستان فوجی کارروائی بند کریں: بلوچ رہنما03 August, 2004 | پاکستان سوئی پر راکٹوں سے یلغار21 February, 2004 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||