ارتداد بل منظور، اقلیتی بل مسترد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
قومی اسمبلی نےاسلام سے منحرف ہونے والے کو سزائے موت دینے کا بل منظور کرلیا لیکن پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کی سزا کے قانون میں دیگر مذاہب کے پیغمبروں کو شامل کرنے کے بل کو مسترد کردیا ہے۔ منگل ایوان میں نجی کارروائی کا دن ہوتا ہے اور اس موقع پر جب ایم پی بھنڈارا نے ضابطہ فوجداری میں توہین رسالت سے متعلق شقوں میں ترمیم کا بل پیش کیا تو پارلیمانی امور کے وزیر ڈاکٹر شیرافگن نیازی اور حزب مخالف کی مذہبی جماعتوں کے اراکین نے اس کی شدید مخالفت کی۔ ڈاکٹر شیرافگن نیازی نے ایم پی بھنڈارا پر کڑی نکتہ چینی کی اور الزام لگایا کہ وہ مسلمانوں کی دل آزاری کرنا چاہتے ہیں۔ ایم پی بھنڈارا نے کہا کہ وہ عیسائیت اور بدھ مت سمیت دیگر مذاہب کے پیغمبروں کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے لیے وہی سزا تجویز کرنا چاہتے ہیں جو مسلمانوں کے پیغمبر کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے لیے پہلے سے موجود ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کی دل آزاری کرنے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف اقلیتوں کے لیے مسلمانوں کے ساتھ برابری کا حق مانگ رہے ہیں۔ اس پر متحدہ مجلس عمل کے اراکین اسمبلی نے شدید احتجاج کیا اور کہا کہ وہ توہین رسالت کے قانون میں کسی طور بھی ترمیم نہیں ہونے دیں گے۔ حکومت اور مذہبی جماعتوں کے اراکین کی مخالفت کے بعد سپیکر نے مطلوبہ حمایت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے ایم پی بھنڈارا کا بل مسترد کردیا۔ جبکہ مولانا فضل ارحمٰن اور قاضی حسین احمد سمیت مذہبی جماعتوں کے اکتیس اراکین اسمبلی کی جانب سے منحرفِ اسلام یعنی مرتد کو سزائے موت دینے کے بل کی حکومت نے مخالفت نہیں کی اور سپیکر نے یہ بل غور کے لیے ایوان میں قانون و انصاف سے متعلق قائمہ کمیٹی کو بھجوادیا۔ مرتد کو سزا دینے کے مجوزہ قانون میں کہا گیا ہے کہ اس کا اطلاق جسمانی طور پر بالغ یا اٹھارہ برس کے مرد اور سولہ برس کی عورت سے شروع ہوگا۔ اس قانون میں توبہ کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے اور اگر پہلی بار ارتداد کرنے والا شخص توبہ کرلے تو عدالت اُسے معاف کرسکتی ہے۔ لیکن دوسری یا تیسری بار اگر وہ ارتکاب جرم کرے گا تو ملزم کو توبہ کے باوجود بھی دو برس تک قید جبکہ چوتھی بار ترک اسلام کرنے والے کو موت کی سزا ملے گی اور اس صورت میں توبہ قبول نہیں ہوگی۔ مجوزہ قانون میں توبہ نہ کرنے والے کو مرد ہونے کی صورت میں سزائے موت کی تجویز دی گئی ہے جبکہ عورت تائب ہونے تک قید میں رہے گی ۔ | اسی بارے میں ’توہینِ رسالت‘ پر سزائے موت30 March, 2007 | پاکستان ’گستاخی کا الزام، بلا تحقیق برطرفی‘ 30 March, 2007 | پاکستان احمدیوں کے خلاف تعصب کا سال09 March, 2007 | پاکستان توہین قرآن ، دو ملزموں کو سزا25 November, 2006 | پاکستان توہینِ رسالت کا مقدمہ درج کیا جائے17 April, 2006 | پاکستان گرجاگھر نذرآتش، گرفتاریاں12 November, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||