’ یہ اتحاد ہمیں ڈبو دےگا‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا فضل الرحمان کہا کہ پاکستان کو نام نہاد عالمی اتحاد سے باہر آنا چاہیے اور ہندوستان سمیت اپنے ہمسائیہ ممالک سے تعلقات استوار کرنا چاہیے۔ قائد حزب اختلاف نے یہ بات ہندوستان جاتے ہوئے لاہور کے واہگہ بارڈر پرانہوں نےذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مولانا فضل الرحمان پاکستان سے جانے والے جے یوآئی اے کے اٹھائیس رکنی وفد کے سربراہ ہیں جو چوبیس اپریل کو دہلی میں جمعیت علمائے ہند کے سابق امیر مولانا اسعد مدنی کی یاد میں ہونے والے سیمنار میں شرکت کرے گا۔ ہندوستان جانے والے جمعیت علمائے اسلام کے وفد میں چھ اراکین قومی اسمبلی،چار سینیٹر اور صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ اراکین شامل ہیں۔ صوبہ سرحد کے وزیر اعلی اکرم درانی اور وفد کے دیگر پچیس اراکین سنیچر کو ہندوستان پہنچ گئے تھے جبکہ اتوار کی صبح مولانا فضل الرحمان ،سینٹر طلحہ محمود اور مفتی ابرار بھی واہگہ کے راستے دلی چلے گئے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قائم نام نہاد عالمی اتحاد کا پاکستان کو نقصان ہوگا اور اب صدر مشرف بھی کہہ رہے ہیں کہ اتحادی ان کی بات پر یقین نہیں کرتے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’یہ اتحاد ہمیں ڈبو دے گا۔ لہذا ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اپنے پڑوسی ممالک ہندوستان، افغانستان، ایران سے تعلقات بہتر کرکے دوستی استوار کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کے اپنے ہمسائیوں سے تعلقات بہتر ہوتے ہیں اس ملک کو دنیا میں احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ جب مولانا فضل الرحمان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھارتی حکام سے ملاقاتیں کرکے دو طرفہ معاملات کی بہتری کے لیے کردار اداکریں گے تو انہوں نے کہا کہ ایسی ملاقاتیں ایجنڈے میں شامل تو نہیں ہیں لیکن اگر موقع ملا تو وہ یہ کردار ضرور ادا کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی بہتری کی لیے کئی تجاویز دی جاسکتی ہیں لیکن جب بھانت بھانت کی تجاویز دی جائیں تو معاملہ پیچیدہ ہوجاتا ہے۔ ’اس لئے بہتری اسی میں ہے کہ اپنے قومی موقف پر قائم رہتے ہوئے آگے بڑھا جائے۔‘ انہوں نے کہا تجاویز کا تبادلہ دونوں ملکوں کے حکام آپس میں کریں تو تب ہی بہتر ہے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری اطلاعات مولانا امجد خان نے بتایا کہ مولانا کی واپسی چھبیس اپریل کو متوقع ہے۔ | اسی بارے میں ’فرقہ پرستی سے سیکولرازم کوخطرہ‘21 April, 2007 | انڈیا انڈیا سے ملاقاتیں ہورہی ہیں،قصوری20 August, 2006 | پاکستان کرزئی کا فضل الرحمان کو خط29 October, 2006 | پاکستان بھارتی موقف میں لچک: فضل الرحمان26 May, 2006 | پاکستان مولانا فضل الرحمٰن کی مشکلات20 August, 2005 | پاکستان حزب اختلاف کا وفد انڈیا روانہ08 May, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||