خار: آئی ایس آئی کے چار اہلکار ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے اسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت چار افراد کوگولیاں مار کر ہلاک جبکہ دو کو زخمی کر دیا ہے۔ باجوڑ کے صدر مقام خار میں حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ شہر سے دس کلومیٹر دور رشکئی میں منگل کی شام شام چھ بجے کے قریب پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ اہلکار نواگئی کے علاقے سے ایک گاڑی میں خار کی جانب آ رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے گھات لگا کر ان پر حملہ کیا۔ اس حملے میں آئی ایس آئی کے اسٹنٹ ڈائریکٹر محمد صادق عرف میجر حمزہ، صوبیدار سید الرحمان اور دو اہلکار عمر خان اور حسین احمد موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ دو دوسرے اہلکاروں کو زخمی حالت میں سول ہسپتال لایا گیا ہے۔ حملہ آور کارروائی کے بعد اپنی موٹر سائیکل پیچھے چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ باجوڑ ایجنسی کی انتظامیہ نے واقعہ کے فوری بعد مختلف علاقوں میں چھاپے مارے ہیں اور کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے تاہم حکام نے گرفتاریوں کی تردید کی ہے۔ پولیٹکل ایجنٹ باجوڑ شکیل قادر نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ واقعہ کی اعلٰی سطح پر تفتیش شروع کی گئی ہے جبکہ مجرموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں غیر ملکی عناصر کے ملوث ہونے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ’ غیر ملکی ’ عناصر کون ہوسکتے ہیں۔ پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں امن جرگہ کے سربراہ نے بھی خفیہ ادارے کے چار اہلکاروں کی ہلاکت کو باجوڑ میں جاری امن کی کوششوں کو ایک بار پھر سبو تاژ کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ باجوڑ امن جرگہ کے سربراہ ملک عبد العزیز نے منگل کی شام بی بی سی اردو کو ٹیلی فون پر بتایا کہ قبائلی عمائدین کی جانب سے اس واقعہ کی تحقیقات کی جائیں گی اور مجرموں کی شناخت پر ان کے خلاف قبائلی روایات کے تحت کارروائی ہوگی۔ | اسی بارے میں خار، دھماکے میں دو قبائلی سردار ہلاک05 February, 2007 | پاکستان باجوڑ میں دھماکہ، ڈاکٹر ہلاک16 February, 2007 | پاکستان باجوڑ میں رات کا کرفیو08 March, 2007 | پاکستان باجوڑ: قبائل اور حکومت میں معاہدہ26 March, 2007 | پاکستان ٹانک جرگہ بیت اللہ محسود سے ملے گا27 March, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||