ملتان دھماکے میں تین افراد ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ملتان میں ایک دھماکہ سے تین افراد ہلاک اور انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے ایک جج سمیت دس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ملتان پولیس کے مطابق تقریبا پونے نو بجے کلمہ چوک سے شروع ہونے والے فلائی اوور کے پاس ایک دھماکہ ہوا جہاں سے انسداد دہشت گردی کے جج بشیر احمد بھٹی کی کار گزر رہی تھی۔ دھماکہ کی جگہ کے پاس ہی سٹیٹ بنک آف پاکستان کے ریجنل آفس کی عمارت واقع ہے۔ ملتان ریجنل پولیس افسر مرزا محمد علی کے مطابق بظاہر یہ دھماکہ ایک بائسیکل کی مدد سے ہوا ہے۔
ضلعی رابطہ افسر (ڈی سی او) ملتان افتخار بابر کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ سائیکل میں لگے ہوئے ٹائم بم سے کیا گیا ہے۔ ملتان پولیس کے مطابق دھماکہ سے جج کی حفاظت پر متعین پولیس کانسٹیبل نذیر احمد اور ان کے ڈرائیور محمد اقبال موقع پر ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ زخمی ہونے والا حفاظتی دستہ میں شامل ایک پولیس کانسٹیبل محمد اعجاز ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج بشیر احمد شدید زخمی ہیں اور دوسرے زخمیوں کے ساتھ نشتر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ نشتر ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر علی مہدی کے مطابق جج بشیر بھٹی اور ایک اور زخمی کی سرجری کی جارہی ہے، جبکہ آٹھ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ دھماکہ کے بعد ملتان میں عدالتوں میں کام بند کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے جج بشیر بھٹی کی عدالت میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کے بعض اہم مقدمات زیر سماعت ہیں، جن میں کالعدم لشکر جھنگوی کے ملک اسحاق پر قائم مقدمات بھی شامل ہیں۔
ملک اسحاق ملتان کی سنٹرل جیل میں قید ہیں اور سکیورٹی تحفظات کی وجہ سے ان کے خلاف قائم مقدمات کی سماعت بھی جیل ہی میں ہوتی ہے۔ ذرائع کے مطابق جج بشیر بھٹی عنقریب ملک اسحاق کے مقدمات میں فیصلہ سنانے والے تھے۔ سات دن پہلے چوبیس فروری کو ملتان کے قریب واقع ایک قصبہ چیچہ وطنی میں ایک بم پھٹنے سے تین افراد ہلاک ہوگئے تھے جن کے بارے میں پولیس نے دعوی کیا تھا کہ وہ دہشت گردی کے لیے بم لے جارہے تھے جو ان کے ہدف پر پہنچنے سے پہلے پھٹ گیا۔ | اسی بارے میں چیچہ وطنی دھماکے میں تین ہلاک24 February, 2007 | پاکستان کوئٹہ بم دھماکے میں پندرہ ہلاک17 February, 2007 | پاکستان ٹل میں دھماکہ، ایک فوجی زخمی22 February, 2007 | پاکستان پشاور ’خودکش‘ حملہ، ایک ہلاک17 November, 2006 | پاکستان پاک فوج کے تربیتی مرکز پر حملہ: 35 فوجی ہلاک 08 November, 2006 | پاکستان جنوبی پنجاب: ترقی کے اعداد و شمار25 January, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||