باجوڑ: گانے بجانے پر بھی ’پابندی‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں شیو یا داڑھی مونڈنے پر مبینہ پابندی کے بعد ایک اور پمفلٹ تقسیم کیا گیا ہے جس میں ڈرائیوروں سے پبلک ٹرانسپورٹ میں موسیقی نہ لگانے کی اپیل کی گئی ہے۔ باجوڑ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ پمفلٹ اتوار کو صدر مقام خار اور بڑے تجارتی مرکز عنایت کلے میں نامعلوم افراد کی جانب سے تقسیم کیا گیا ہے جس میں پبلک ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مسافر گاڑیوں میں گانے نہ سنیں کیونکہ پمفلٹ کے مطابق موسیقی سننا ’ گناہ کبیرہ‘ ہے۔ پشتو زبان میں جاری کیے گئے اس پمفلٹ کی ایک کاپی بی بی سی کو کو بھی ملی ہے۔ یہ ہدایات سادہ سفید کاغذ پر ہاتھ سے بڑے بڑے حروف سے تحریر کی گئی ہیں۔ پمفلٹ پر کسی کا نام یا دستخط موجود نہیں اور نہ ہی اس میں کسی تنظیم کا نام دیا گیا ہے۔ باجوڑ کی پولیٹکل انتظامیہ نے علاقے میں پمفلٹس تقسیم کیے جانے کی تصدیق کردی ہے تاہم اس سلسلے میں مزید بات کرنے سے انکار کردیا۔
پمفلٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ لڑکیوں کی کلائیوں میں چوڑیاں جبکہ مردوں کی کلائیوں میں ہتھکڑیاں اچھی لگتی ہیں۔ باجوڑ میں ایک ہائی ایس ویگن کے ڈرائیور شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ ان پمفلٹس کی تقسیم کے بعد علاقے میں بے یقینی کی فضا پیدا ہوگئی ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیور عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ ہم تو دن رات لمبے لمبے سفر کرتے ہیں اور بعض اوقات تو سواریاں بھی ہمارے ساتھ نہیں ہوتیں لیکن تنہائی میں تو ٹیپ کے بغیر ہمارا گزارہ مشکل ہوتا ہے‘۔ باجوڑ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران یہ دوسرا پمفلٹ ہے جو نامعلوم افراد کی جانب سے جاری کیا گیا ہے تاہم اتوار کو جاری ہونے والے پمفلٹ میں اپیل کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں جبکہ اس سے پہلے جو پمفلٹ جاری کیا گیا تھا اس میں موتراشوں یا ہیئر ڈریسروں کو دھمکیاں دی گئی تھیں کہ وہ لوگوں کے شیو نہ بنائیں ورنہ انہیں خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ | اسی بارے میں باجوڑ: داڑھیاں اور شیو بنانے سے انکار11 February, 2007 | پاکستان باجوڑ میں شیو بنوانے والے مایوس14 February, 2007 | پاکستان ہزاروں بچے ویکسین سے محروم رہے15 February, 2007 | پاکستان باجوڑ میں دھماکہ، ڈاکٹر ہلاک16 February, 2007 | پاکستان حکومت حمایتی ارکان پھر غیرحاضر23 February, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||