BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 23 February, 2007, 19:17 GMT 00:17 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
تھر ایکسپریس کراچی سے روانہ

تھر ایکسپریس
رینجرز کے اہلکاروں نے مسافروں کی وڈیو فلم بنائی اور تصاویر کھینچیں
پاکستان سے سندھ کے راستے بھارت جانے والے مسافروں کو دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر واقع ’زیرو پوائنٹ‘ لے جانے والی تھر ایکسپریس جمعہ کی شب تین سو سے زائد مسافروں کو لے کر کراچی سے روانہ ہوگئی ہے۔

سمجھوتہ ایکسپریس کے واقعہ کے بعد تھر ایکسپریس کی روانگی کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

کراچی کینٹ سٹیشن پر ہر مسافر کو جامہ تلاشی کے دو سے تین مراحل سے گزرنا پڑ رہا تھا، جبکہ ان کے سامان کی تربیت یافتہ کتے چیکنگ کر رہے تھے۔

پہلی مرتبہ خواتین مسافروں کی بھی جسمانی تلاشی لی گئی، جس کے لیے محکمہ ریلوے کی خواتین پولیس کو مقرر کیا گیا تھا۔

سمجھوتہ ایکسپریس کے واقعہ کے بعد مسافروں میں خوف موجود تھا۔ ٹرین کی روانگی سے قبل کچھ مرد مسافروں نے پلیٹ فارم پر نماز ادا کی تو کچھ خواتین قرآن پاک اور سورۃ یاسین کی تلاوت کرتی ہوئی نظر آئیں۔

عمرکوٹ کے رہائشی مسافر پریم کمار کا کہنا تھا کہ تھر ایکسپریس کی ابتداء کے وقت جو جوش نظر آرہا تھا وہ اب کم ہوگیا ہے۔ ان کا خیال تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس کے واقعہ نے بھی لوگوں کو خوفزدہ کیا ہے۔

ایک اور بزرگ مسافر کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ اب ہوا ہے ان کی سیٹ تو پہلے سے بک تھی ’ویسے بھی جو اللہ کی مرضی، ہم کیا کرسکتے ہیں‘۔ اپنی خاندان کے ساتھ بھارت جانے والے ایک نوجوان محمد حسین کا کہنا تھا کہ وہ خوفزدہ تو ہیں مگر اللہ خیر کرے گا۔ ’سکیورٹی کا بھی اچھا انتظام ہے ۔۔۔۔ اب جو نصیب میں ہوگا‘۔

حیدر آباد اور میرپور خاص ریلوے سٹیشنوں پر بھی حفاظتی انتظامات رینجرز کے حوالے کیے گئے ہیں

کورنگی کی رہائشی ذکیہ خاتون جو اپنی دادی سے ملنے جے پور جا رہی تھیں کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی بھی ہے اور ڈر بھی۔ حفاظتی انتظامات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو ہوش اسی وقت آتا ہے جب کجھ ہوجاتا، یہ تب جاگتے ہیں۔

مسافروں کی اکثریت کا کہنا تھا کہ بھارتی ویزہ آفس کراچی میں بھی ہونا چاہیے، کیونکہ اسلام آباد میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس ٹرین میں سوا تین سو سے زائد مسافروں کی بکنگ ہے۔

ٹرین کی روانگی سے تین گھنٹے قبل مسافروں کو سٹیشن پر بلوایا گیا اور ہر مسافر کو کل پینتیس کلو سامان لے جانے کی اجازت تھی، جبکہ پینے کے پانی کے علاوہ کوئی اور محلول لے جانے پر پابندی تھی۔

رینجرز کے اہلکاروں نے مسافروں کی وڈیو فلم بنائی اور تصاویر کھینچیں۔ رینجرز کے ایک ترجمان کے مطابق ٹرین کی تمام بوگیوں کو ٹیلی فون کے ذریعہ ایک دوسرے سے منسلک کیا گیا ہے، جبکہ سادہ کپڑوں میں رینجرز کے اہلکار بھی ہر بوگی میں سفر کر رہے ہیں اور ایک میڈیکل ٹیم بھی ساتھ جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے علاوہ حیدر آباد اور میرپور خاص ریلوے سٹیشنوں پر بھی حفاظتی انتظامات رینجرز کے حوالے کیے گئے ہیں۔ تھر ایکسپریس سنیچر کی صبح زیرو پوائنٹ پہنچی گی، جہاں سے مسافر بھارت سے آنے والی ٹرین میں سوار ہو جائیں گے اور بھارت سے آنے والے مسافر اس میں سوار ہو جائیں گے۔

دونوں ممالک کے درمیاں معاہدے کے تحت چھ ماہ کے لیے ٹرین چلائی جائے گی۔

اسی بارے میں
’مجھے اجمیر جانا ہے‘
18 February, 2006 | پاکستان
تھر ایکسپریس بھارت پہنچ گئی
18 February, 2006 | پاکستان
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد