اٹک: پیپلز پارٹی کے چھ کارکن ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں پیپلز پارٹی کے چھ کارکنوں کو مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں تین سگے بھائی اور ان کا ایک نوعمر بھانجا بھی شامل ہے۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سیکرٹری جنرل راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ان کے پارٹی کارکنوں کو سیاسی مخالفت کی بنیاد پر ہلاک کیا گیا ہے۔ تھانہ صدر اٹک کے سٹیشن ہاوس آفیسر عابد خان نے بتایا کہ ابھی تک مقتولین کے ورثا نے مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست نہیں دی ہے لاشیں رات کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ یہ واقعہ جمعہ کو اٹک شہر سے کوئی آٹھ کلومیٹر دور واقع گاؤں پدری میں پیش آیا مقامی لوگوں کے مطابق یہ افراد ایک ویگن میں سوار ہوکر گاؤں سے باہر جا رہے تھے کہ راستے میں پہلے سے گھات لگا کر بیٹھے مسلح افراد نے ان کی گاڑی کا راستہ روک کر ان پر فائرنگ کی جس سے چھ افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے جنہیں راولپنڈی کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین سگے بھائی دلدار شاہ، نصیر شاہ اور ضمیر شاہ بھی شامل ہیں جن کی عمریں بائیس سے اٹھارہ برس کے درمیان ہیں ان کے ہمراہ ان کا تیرہ برس کا بھانجا شہزاد شاہ اور دیگر دو دوست وقاص احمد اور حمید خان بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ ایس ایچ اور صدر اٹک پولیس نے کہا ہے کہ مقتولین کی پرانی خاندانی دشمنی چل رہی تھی اور گاؤں میں ایک مسجد کا تنازعہ بھی تھا تاہم ورثا کی جانب سے تحریری درخواست آنے تک وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہلاک ہونے والے ان کی پارٹی کے کارکن تھے اور الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں جا رہے تھے جب انہیں مخالف سیاسی پارٹی کے افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا۔
انہوں نے کہا اسی ضلع سے جب وزیراعظم شوکت عزیز کو ضمنی انتخاب لڑوایا جارہا تھا تو تب بھی پیپلز پارٹی کے تین کارکنوں کو قتل کیا گیا جن کے ورثا کو آج تک انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے براہ راست کسی پارٹی کا نام تونہیں لیا البتہ کہا کہ یہ کنگز پارٹی کے لوگوں کی کارروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضلع کے ناظم کی وجہ سے یہاں کی سیاسی فضا میں تشدد کا عنصر پایا جاتا ہے۔ ضلعی ناظم میجر طاہر صادق حکمران مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین کے قریبی رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔ | اسی بارے میں مشرف پر حملہ، مجرم منتقل27 August, 2005 | پاکستان کل کا کیمبل پور، آج کا اٹک24 March, 2005 | پاکستان ’شوکت عزیز اٹک گئے‘22 August, 2004 | پاکستان فتح جنگ میں تین ہلاک16 August, 2004 | پاکستان اٹک سے پیپلز پارٹی کا امیدوار نامزد12 July, 2004 | پاکستان شوکت: کاغذات نامزدگی داخل06 July, 2004 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||