فتح جنگ میں تین ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اٹک میں فتح جنگ کے مقام پر ، جہاں سے حکمران مسلم لیگ کے نامزد وزیراعظم شوکت عزیز ضمنی انتخاب لڑ رہے ہیں، حکمران جماعت اور حزب مخالف کی جماعت پیپلزپارٹی کے حامیوں کے درمیان تصادم میں تین افراد ہلاک ہوگۓ ہیں۔ تصادم میں پولیس کے مطابق کم سے کم ایک شخص طاہر ہلاک اور چار زخمی ہوگۓ ہیں۔ تاہم پیپلز پارٹی اپنے تین ورکروں کے ہلاک ہونے کا دعوی کررہی ہے جس کی پولیس نے ابھی تک تصدیق نہیں کی۔ پیپلز پارٹی کے مطابق دو افراد عجب خان اور بابر زخمی تھے اور راولپنڈی ہسپتال پہنچ کر ہلاک ہوگئے۔ فتح جنگ تھانہ کے مطابق یہ تصادم سات بجے شام ہوا لیکن رات نو بجے تک تھانہ اس کی تفصیل بتانے سے گریز کررہا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ابھی تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں کرائی گئی اور نہ ہی کوئی تحریری شکایت داخل کی گئی ہے۔ تاہم تھانہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پولیس کو ایک طاہر نامی شخص کے ہلاک اور چار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے ترجمان نوید چودھری کے مطابق فتح جنگ میں ان کے حامی جلوس لے کر جارہے تھے کہ کچھ لوگ ایک کار میں آئے اور ان کے حامیوں پر فائرنگ کردی جس سے یہ ہلاکتیں ہوئیں۔ پیپلزپارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پارٹی پولیس سے کہہ رہی ہے کہ اٹک کے ضلع ناظم طاہر صادق ، جو وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کے بہنوئی ہیں، کے ایماء پر یہ حملہ ہوا ہے اور اس میں مسلم لیگ کا یونین کونسل کا ناظم اور اس کے بیٹے ملوث تھے اس لیے ان سب پر مقدمہ درج کیا جائے۔ واضح رہے کہ اٹک کے انتخابی حلقے میں اگست کی اٹھارہ تاریخ کو پولنگ ہونے والی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||