بلوچستان: ہڑتال پرکئی کارکن گرفتار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان نیشنل پارٹی کی پہیہ جام ہڑتال کی اپیل پر اتوار کو بیشتر مقامات پر ٹریفک معمول سے کم تھی۔ قلات میں بسوں پر پتھراؤ کیا گیا اور کوئٹہ کے قریب کچلاک میں پولیس نےگرفتاریاں کی ہیں اور ایک شخص کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ کوئٹہ میں آج سڑکوں پر گاڑیاں کم ہی نظر آئیں لیکن شہر میں آمدورفت جاری رہی۔ کوئٹہ کے قریب کچلاک میں مظاہرین نے کوئٹہ چمن شاہراہ بلاک کر دی تھی ۔ بعد میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرکے سڑک کھلوا دی۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے درجنوں کارکنوں اور مقامی قائدین کو گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس غلام قادر تھیبو نے بتایا ہے کہ انھوں نے صرف بی این پی کے ضلعی صدر مجید کاکڑ کو گرفتار کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ موسم خراب ہونے کی وجہ سے پہیہ جام ہڑتال نہیں ہو سکی۔ دوسری طرف بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن عبدالولی کاکڑ نے کہا کہ کچلاک سے پچاس اور صوبہ بھر سے دو سو کے لگ بھگ کارکنوں اور مقامی قائدین کو گرفتار کیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے۔ قلات اور خضدار میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے جبکہ ٹریفک بھی معمول سے کم تھی ۔ قلات سے مقامی صحافیوں نے بتایا ہے کہ نامعلوم افراد نے شہر میں پمفلٹ تقسیم کیے تھے جن پر ہڑتال کی گئی ہے۔ قلات میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر پانچ گاڑیوں پر پتھراؤ کی اطلاعات بھی ہیں۔ ادھر لورالائی کے قریب رکھنی میں ایک دھماکہ ہوا ہے لیکن اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس کے علاوہ مکران ڈویژن کے شہر تربت اور پنجگور میں بھی دکانیں بند رہیں ۔ جبکہ گوادر میں زیادہ تر دکانیں کھلی رہیں۔ پسنی اور تربت کے مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ مکران ڈویژن میں شدید بارشوں سے سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس سے مکران ڈویژن کا رابطہ ملک کے دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا ہے۔ علاقے میں ندیوں میں طغیانی سے پل ٹوٹ گئے ہیں جس سے گاڑیاں مختلف مقامات پر رکی ہوئی ہیں۔ پنجگور میں درجن بھر کچے مکانات گر گئے ہیں لیکن تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ یاد رہے گزشتہ سال فروری میں بھی ان علاقوں میں شدید بارشوں سے سیلاب آیا تھا جس سے شادی کور کا پل ٹوٹ گیا تھا۔ | اسی بارے میں بلوچستان: دھماکے میں ایک ہلاک02 December, 2006 | پاکستان کوئٹہ تفتان ریلوے پٹڑی پر دھماکے29 November, 2006 | پاکستان بلوچستان: جھڑپوں کی اطلاعات13 November, 2006 | پاکستان رکن اسمبلی نے استعفٰی پیش کر دیا12 November, 2006 | پاکستان بلوچستان اسمبلی پر راکٹ حملہ؟11 November, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||