فوجی چھاونی سے سیاحت متاثر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اورکزئی ایجنسی کا علاقہ سمانہ بلند و بالا پہاڑوں اور حسین وادیوں کے کنارے پر واقع سب سے خوبصورت سیاحتی مرکز تصور کیا جاتا ہے۔ دفاعی اور تاریخی اہمیت کا حامل یہ علاقہ چند سال پہلے تک مقامی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا لیکن بنیادی ضروریات کی عدم دستیابی اور فوجی چھاؤنی کے قیام کے بعد سے یہ علاقہ آہستہ آہستہ لوگوں کی دلچسپی کھو رہا ہے۔ صوبائی دارالحکومت پشاور کے جنوب مغرب میں ایک سو پینتیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع یہ علاقہ سطح سمندر سے چھ ہزار سات سو کلومیٹر کے بلندی پر واقع ہے۔ سمانہ ایک پہاڑی اور سرسبز علاقہ ہے جس کی آبادی کئی دیہات پر مشتمل ہے۔ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے سمانہ کی اپنی کوئی پیدوار نہیں۔ یہاں ہر سال اچھی خاصی برف باری ہوتی ہے اور گرمیوں میں اس کا موسم نہایت ہی خوشگوار ہوتا ہے جس کا مزہ لینے کےلیے لوگوں دور دراز کے علاقوں سے یہاں آتے ہیں۔ چند ہزار کی آبادی پر مشتمل اس علاقے میں سیاحوں کےلیے چار پانچ سیر گاہیں بنائی گئی تھیں لیکن مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جب سے یہاں فوجی چھاؤنی بنی ہے اس کے بعد سے یہ چھوٹی چھوٹی سیر گاہیں عام لوگوں کے لیے بند کردیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے سیاحوں کی تعداد ہر سال کم ہوتی جا رہی ہے۔ سمانہ چھاؤنی کے حدور میں داخل ہوتے ہی دو چیک پوسٹیں ہیں جس پر فوج اور ایف سی کے اہلکار تعینات ہیں۔
ان چیک پوسٹوں پر ہر آنے اور جانے والی گاڑیوں کو روک کر اسے چیک کیا جاتا ہے اور سواریوں کے نام اور شناختی کارڈ نمبر کا اندراج بھی ہوتا ہے۔ سمانہ کے نام سے قائم یہاں کے واحد چھوٹا ریسٹورنٹ میں کام کرنے والے محمد اسحاق نے بی بی سی سے بات چیت میں بتایا کہ پہلے گرمیوں کے موسم میں یہاں بڑی تعداد میں مقامی سیاح کوہاٹ، ہنگو، ٹل اور دیگر علاقوں سے آتے تھے لیکن جب سے یہاں فوجی چھاؤنی قائم ہوئی ہے اس کے بعد سے مقامی سیاحوں کا آنا کم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ فوجی کسی کو یہاں آنے سے منع نہیں کرتے لیکن چھاؤنی کی حدود میں گاڑیوں کی چیکینگ اور ناموں کے اندراج وغیرہ کی وجہ سے لوگ کا آنا کم ہوتا جارہا ہے۔‘ تاہم سمانہ سے منتخب ہونے والے ایجنسی کونسلر کیپٹن ریٹائرڈ آزادگل اورکزئی اس بات کی تردید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’فوج کے آنے سے یہاں پر چھاؤنی بنی جس کی وجہ سے علاقے نے تھوڑی بہت ترقی کرلی ہے۔ آج جو چھاؤنی کی حدود میں ہرے بھرے درخت نظر آتے ہیں اور جو امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے یہ تو سب فوج کے آنے کی وجہ سے ہوا ہے۔‘ سمانہ جتنا خوبصورت ہے اتنے ہی اس کےمسائل بھی ہیں۔ اس علاقے میں بنیادی ضروریات کا شدید فقدان ہے جن میں سرفہرست پانی ہے جبکہ تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات کی کمی کے باعث یہاں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شہروں کا جانب نقل مکانی کرلی ہے۔
اورکزئی ایجنسی کی باؤنڈری لائن پر واقع سمانہ اونچے اونچے پہاڑوں کے کنارے پر واقع ہے جس کی وجہ سے یہاں صاف پینے کے پانی کی ہمیشہ سے شدید قلت رہا ہے۔ مقامی لوگ پینے کا پانی قدرتی چشموں سے حاصل کرتے ہیں جو دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں واقع ہیں۔پہاڑوں کے ڈھلوانوں میں واقع ان چشموں سے پانی لانے کا کام یہاں کی خواتین کرتی ہیں۔ غربت اور پسماندگی کے باعث اس علاقے کے لوگ زیادہ تر خلیجی ممالک میں محنت مزدوری کےلیے جاتے ہیں۔ سمانہ میں شاہد ہی کوئی ایسا گھر ہوگا جس کا کوئی فرد بیرونی ممالک میں کام نہ کرتا ہو۔ سمانہ کے ایک رہائشی میشل خان نے بتایا کہ اب تو خلیجی ممالک میں بھی بیروزگاری بڑھ رہی ہے اور وہاں پر بھی ہمارے لوگوں کےلیے نوکریوں کے مواقع کم ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اگر حکومت نےاس علاقے کو صحیح معنوں میں ترقی دی تو سیاح مری نہیں جائیں گے بلکہ یہاں آئیں گے کیونکہ یہ علاقہ ہر لحاظ سے خوبصورت ہے۔
سمانہ کی ایک تاریخی حیثیت بھی ہے۔1891 میں برطانوی راج نے یہاں پر فوجی اہمیت کے تین بڑے بڑے قلعے تعمیر کیے تھے جن میں سے ایک قلعہ اب بھی پاک فوج اور ملیشاء فورسزکے زیر استعمال ہے جبکہ دو دوسرے قلعے نہایت خستہ حالت میں ہیں۔ گلستان اور سانگر قلعوں کے نام سے مشہور انگریزوں کے دور کے ان تاریخی قلعوں کی چھتیں گر چکی ہیں اور صرف دیواریں باقی ہیں جو اب دیکھنے کے قابل بھی نہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ برطانوی سلطنت نے یہ قلعے اورکزئی جنگجو قبائل سے نمٹنے اور افغانستان کا علاقہ جو یہاں سے قریب ہی پڑتا ہے کا دفاع کرنے کےلیے بنائے تھے۔ 1892 میں برطانوی فوج اور مقامی قبائل کے مایبن سمانہ کے مقام پر ایک خون ریز لڑائی بھی ہوئی تھی جس میں انگریزوں کو بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ | اسی بارے میں چھاؤنیوں کی تعمیر روکنے کی سفارش21 September, 2005 | پاکستان چھاؤنیاں کہاں اورکیوں؟21 February, 2005 | پاکستان سوئی، کوہلو اور گوادر میں چھاؤنیاں27 January, 2005 | پاکستان سوئی میں فوجی چھاؤنی کی تعمیر27 January, 2005 | پاکستان چھاؤنی کا منصوبہ، بلوچیوں کی مذمت27 January, 2005 | پاکستان لاہور چھاؤنی میں پراسرار دھماکہ01 June, 2004 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||