خیبر ایجنسی تصادم میں چھ ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں دو مخالف مذہبی تنظیموں کے حامیوں کے مابین جھڑپوں میں چھ افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔ خیبر ایجنسی کی پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق یہ لڑائی جمعرات کو خیبر ایجنسی کے علاقے تیرہ کے دور افتادہ مقام آکاخیل میں اس وقت شروع ہوئی جب مذہبی تنظیم لشکر اسلامی نے مخالف تنظیم انصار الاسلام کے حامیوں گل مرعان گروپ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں لشکر اسلامی کے چار اور انصار الاسلام کے دو حامی ہلاک جبکہ چار دیگر افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ آکاخیل کے تین علاقوں خورمتنگ، ژوارہ اور ژراندوکلے میں دونوں تنظیموں کے مابین ابھی بھی لڑائی جاری ہے اور فریقین ایک دوسرے کے مورچوں پر بھاری ہتھیاروں سے حملے کر رہے ہیں۔ واضع رہے کہ لشکر اسلامی کے کمانڈر منگل باغ نے چند ماہ قبل خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں سینکڑوں مسلح حامیوں کی موجودگی میں ایک کمیٹی قائم کی تھی جس کے تحت علاقے میں مسلح گشت کرنے اور مختلف جرائم کےلیے اسلامی سزائیں دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
تاہم بعد میں پولیٹکل انتظامیہ نے منگل باغ گروپ پر دباؤ ڈالنے کےلیے باڑہ بازار ایک ماہ کےلیے بند کیا تھا اور اس کے قبیلے سے علاقے میں امن وامان کی صورتحال خراب نہ کرانے کی ضمانت لی گئی۔ اس دوران ایک اوراسلامی تنظیم انصارالاسلام کا وجود عمل میں لایا گیا جس نے علاقے میں منگل باغ گروپ کی کارروائیوں کو غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف مسلح جدوجہد شروع کی۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ان دونوں شدت پسند تنظیموں کے مابین تیرہ کے علاقے میں کئی بار خون ریز جھڑپیں ہوچکی ہیں جس میں درجنوں بےگناہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ ان جھڑپوں میں بھاری ہتھیار استعمال ہوتے رہے جن سے بے گناہ لوگ نشانہ بنتے رہے ہیں تاہم مقامی انتظامیہ اب تک ان شدت پسند گروپوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔ | اسی بارے میں باڑہ اسلامی مرکز پر حکومتی کنٹرول01 April, 2006 | پاکستان خیر ایجنسی میں تین صحافی رہا28 June, 2006 | پاکستان خیبر: مذہبی تصادم میں 9 افرادہلاک13 August, 2006 | پاکستان باڑہ: تصادم میں پانچ افراد ہلاک29 August, 2006 | پاکستان خیبر ایجنسی: جھڑپیں، تین ہلاک11 October, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||