ظفر عباس بی بی سی نیوز |  |
 | | | کتاب لکھنے میں ایک ’تجربہ کار صحافی اور قریبی ساتھی‘ نے جنرل مشرف کی مدد کی ہے۔ |
پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف ستمبر کے وسط میں جب نیویارک جائیں گے تو وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائیندگی کے ساتھ ساتھ وہاں اپنی اُس کتاب کی رونمائی کی تقریب میں مہمان خصوصی بھی ہوں گے جس کا بہت دیر سے انتظار کیا جارہا ہے۔ اگر پبلشنگ کی دنیا میں گردش کرتی افواہوں پر یقین کر لیا جائے تو جنرل مشرف کی اس کتاب میں وہ سب کچھ ہے جو اسے ایک کامیاب کتاب اور ممکنہ طور پر ’بیسٹ سیلر‘ بنا سکتا ہے۔ ’ان دی لائن آف فائر -- اے میموئر‘ کے عنوان سے شائع ہونے والی یہ کتاب سائمن اینڈ شسٹر نامی پبلشر چھاپ رہے ہیں اور اس کی ہارڈ بیک کاپی اٹھائیس ڈالر میں دستیاب ہوگی۔
 | گھوسٹ رائٹر کون؟  زیادہ تر لوگوں کا ماننا ہے کہ اس کتاب کی تحریرمیں جنرل مشرف کو جس تجربہ کار صحافی نے مدد کی ہے وہ ایک سابق بیوروکریٹ کے بیٹے ہیں اور انہوں نے ہی فیلڈمارشل ایوب خان کی سوانح عمری ’فرینڈز ناٹ ماسٹرز‘ لکھنے میں مدد کی تھی۔  |
کتاب کی قدرے مہنگی قیمت پر اس حوالے سے تنقید بھی کی جارہی ہے کہ پاکستان جیسے ملک میں اسے خریدنے کی صلاحیت کم لوگوں میں ہوگی۔ لیکن انٹرنیٹ پر کتابوں کے سٹور ایمازون نے پہلے ہی اعلان کردیا ہے کہ وہ اس کتاب کو سترہ ڈالر میں بیچےگا۔ پچیس ستمبر کو منظر عام پر آنے والی 368 صفحوں پر مشتمل اس کتاب میں جنرل مشرف نے بظاہر اپنی فیملی لائف سے لے کر فوج میں اپنے وقت اور 1999 میں منتخب حکومت کا تختہ الٹنے تک سبھی معاملات پر بات کی ہے۔ اس کتاب میں جنرل مشرف نے انڈیا کے خلاف کارگل جنگ اور امریکہ کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حمایت جیسے متنازعہ فیصلوں کے بارے میں بھی تفصیل سے لکھا ہے۔ کئی برطانوی اور امریکی پبلشرز نے جنرل مشرف کی سوانح عمری چھاپنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی لیکن کافی تفصیلی بات چیت کے بعد سائمن اینڈ شسٹر نے2005 کے شروع میں جنرل مشرف کے ساتھ معاہدہ کیا اور اطلاعات کے مطابق انہیں خاصی بڑی رقم ایڈوانس کے طور پر بھی دی گئی۔ اس معاہدے کے طے پانے کے کچھ ہی دنوں بعد پبلشنگ ادارے کے ایک سینئیر ایڈیٹر بروس نکولس نے کہا کہ جنرل مشرف کتاب لکھنے میں ایک ’تجربہ کار صحافی اور قریبی ساتھی‘ کی مدد لیں گے لیکن یہ مشترکہ تحریر کے مترادف نہیں ہوگا۔ پاکستان میں زیادہ تر لوگوں کا ماننا ہے کہ اس کتاب کی تحریر میں جنرل مشرف کو جس تجربہ کار صحافی نے مدد کی ہے وہ ایک سابق بیوروکریٹ کے بیٹے ہیں اور انہوں نے ہی فیلڈمارشل ایوب خان کی سوانح عمری ’فرینڈز ناٹ ماسٹرز‘ لکھنے میں مدد کی تھی۔ کتاب کی تحریر میں جنرل مشرف کی جس نے بھی مدد کی ہو اس میں دلچسپی سبھی کو ہے اور اس کا انتظار بھی خاصی شدت سے کیا جارہا ہے۔ |