عدنان عادل بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
 | | | ایدھی امداد کے لیئے اپنے ساتھ دس لاکھ امریکی ڈالر لے کرگئے ہیں |
لبنان پر اسرائیلی حملوں سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیئے پاکستان کے معروف فلاحی کارکن عبدالستار ایدھی سنیچر کی صبح دمشق روانہ ہوگئے ہیں جہاں سے وہ بیروت جائیں گے۔
ایدھی مرکزی دفتر کے ترجمان نے بتایا کہ عبدالستار ایدھی صبح تین بجے سیرین ائیر لائن کی پرواز سے اپنے دو ساتھیوں رضوان ایدھی اور محمد فاروق کے ساتھ دمشق روانہ ہوئے ہیں جہاں سے وہ زمینی راستے کے ذریعے بیروت جائیں گے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ایدھی بیروت میں مقامی باشندوں سے رضا کار منتخب کرکے امدادی کارروائیاں انجام دیں گے۔ ترجمان کے مطابق وہ اپنے ساتھ امدادی سامان کی بجائے دس لاکھ امریکی ڈالر لے کرگئے ہیں تاکہ مقامی طور پر ضروری سامان خرید سکیں۔ بیروت میں ممکنہ خطرات کے بارے میں عبدالستار ایدھی نے کہا کہ اگر ان کے توسط سے کسی ایک انسان کو بھی فائدہ پہنچتا ہو تو وہ کسی بھی مشکل یا خطرے کے باوجود دنیا کے کسی کونے میں بھی جانے کو تیار ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم شوکت عزیز نے بھی لبنان کو امداد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ لبنان پر اسرائیل کی بمباری کے بعد پاکستان میں لبنان اور حزب اللہ کی حمایت میں روزانہ مظاہرے ہورہے ہیں۔ |