’ڈیرہ بگٹی پر فضائی حملے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ بلوچستان کے شہر ڈیرہ بگٹی سےبدھ کو پھر ہیلی کاپٹر حملوں اور بگٹی مسلح قبائل کی سکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تاہم اب بھی سرکاری سطح پر اس بارے میں کچھ نہیں بتایا جا رہا۔ جمہوری وطن پارٹی کے قائدین نے کہا ہے کہ نواب اکبر بگٹی دو روز پہلے ڈیرہ بگٹی میں ہونے والے ایک فضائی حملے میں بال بال بچے ہیں۔ ڈیرہ بگٹی سے مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ علاقے پر بیس کے قریب ہیلی کاپٹر پروازیں کر رہے ہیں اور پیرکوہ اورگوڑی کے علاقے پر حملے کیے گئے ہیں اور بعض مقامات پر جھڑپیں ہوئی ہیں جس میں سکیورٹی فورسز کا نقصان ہوا ہے اور ایک ہیلی کاپٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ جمہوری وطن پارٹی کے قائدین سینیٹر آغا شاہد بگٹی، سابق سینیٹر امان اللہ کنرانی اور سابق وزیراعلٰی ہمایوں خان مری نے مشترکہ اخباری کانفرنس میں کہا ہے کہ ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں فوجی کارروائی بند کی جائے۔ آغا شاہد بگٹی نے کہا ہے کہ تین روز میں فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سکیورٹی فورسز کو زمین پر اتارا گیا جہاں بگٹی قبائلیوں سے ان کی جھڑپیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوموار کو صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک ان حملوں کا سلسلہ جاری رہا اور اس دوران فورسز نے نواب اکبر بگٹی کا محاصرہ کر لیا تھا لیکن بگٹی قبائل نے محاصرہ توڑ کر نواب اکبر بگٹی کو دوسری جگہ منتقل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان جھڑپوں میں سکیورٹی فورسز کے ہیلی کاپٹروں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور ان کا جانی نقصان بھی ہوا ہے جبکہ کچھ بگٹی قبائلی زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے پاکستان کو منشیات کی سمگلنگ پر کڑی نگرانی کے لیئے جو طیارے دیئے تھے وہ ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں استعمال ہو رہے ہیں۔ سرکاری سطح پر ان واقعات کی تصدیق نہیں کی جا رہی ہے اور بلوچستان حکومت کے ترجمان رازق بگٹی نے کہا ہے کہ انہیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں جبکہ فرنٹیئئر کور کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈیرہ بگٹی میں قومی تنصیبات کی حفاظت کے لیئے معمول کی کارروائی ہو رہی ہے۔ | اسی بارے میں کوئٹہ: تفتان ریلوے لائن پر دو دھماکے01 July, 2006 | پاکستان کوہلو دھماکے: ہیلی کاپٹروں کی پروازیں30 June, 2006 | پاکستان کوہلو: کشیدگی جاری25 June, 2006 | پاکستان پائپ لائن میں دھماکوں سے خسارہ03 June, 2006 | پاکستان کوئٹہ کے بعد کوہلومیں راکٹ27 May, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||