دیر: ملیشیا کے چھ اہلکار ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے شمالی ضلع دیر پایاں میں حکام کا کہنا ہے کہ سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں نیم فوجی ملیشیا دیر سکاؤٹس کے چھ سپاہی ہلاک جبکہ تین شدید زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرناک بتائی جاتی ہے۔ یہ واقعہ صوبہ سرحد کے ضلع دیر پایاں میں تیمرگرہ سے کوئی چار کلومیٹر آگے دیر روڈ پر افغان پناہ گزینوں کے ایک کیمپ کے قریب پیر کی سہ پہر ساڑھے تین بجے پیش آیا۔ مقامی حکام کے مطابق دیر سکاؤٹس کے جوانوں سے بھری ایک ڈبل کیبن گاڑی چترال جانے والے سٹاف کالج کوئٹہ کے فوجی افسروں کی گاڑی سے آگے بطور اسکارٹ رواں دواں تھی کہ شاڑی گٹ کے مقام پر سڑک کنارے رکھے بم کا زوردار دھماکہ ہوا۔ ضلعی رابطہ افسر سید محمد جاوید نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس سے گاڑی کے تین ٹکڑے ہوگئے۔ گاڑی کے علاوہ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں بھی ٹکڑے ٹکڑے ہوئی ہیں۔ ایک گاڑی کا ٹکڑا اور ایک لاش قریبی دریا میں گری جو آخری اطلاعات تک برآمد نہیں کی جا سکی ہیں۔ اس حملے کا نشانہ بظاہر فوجی افسروں کی گاڑی تھی جیسے معمولی نقصان پہنچا اور اس کا صرف ایک شیشہ ٹوٹا ہے۔ پرامن تصور کیئے جانے والے علاقے میں اس قسم کے غیرمعمولی واقعے کے بارے میں مقامی ضلعی افسر سید محمد جاوید کا کہنا تھا کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں جس کے لیئے بم ڈسپوزل سکواڈ کے علاوہ مختلف اداروں کی ٹیمیں علاقے میں پہنچ رہی ہیں۔ اس واقعے کے سلسلے میں ابھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور مذہبی اعتبار سے کافی قدامت پسند سمجھے جانے والے اس علاقے میں اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ | اسی بارے میں ڈی جی خان دھماکہ، دو شدید زخمی25 June, 2006 | پاکستان جنداللہ کے امیر سمیت چھ بری20 June, 2006 | پاکستان سندھ: ریلوے لائن پر تین دھماکے13 June, 2006 | پاکستان سوئی اور پنجگور میں دھماکے06 June, 2006 | پاکستان بلوچستان: ریل پٹری پر دھماکہ31 May, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||