ذوالفقار علی بی بی سی ، اردو ڈاٹ کام ، مظفرآباد |  |
 | | | امریکی امداد سکولوں اور طبی مراکز کی تعمیر کے لیئے خرچ کی جائے گی |
امریکہ اور پاکستان کی حکومت نے سنیچر کے روز ایک سمجھوتے پر دستخط کیئے ہیں جس کے تحت امریکہ اس سال زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں سکولوں اور طبی مراکز کی تعمیر نو کے لیئے چار کروڑ امریکی ڈالر سے زائد رقم فراہم کرے گا۔ یہ رقم امریکی ادارہ برائے بین الااقوامی ترقی یعنی یو ایس ایڈ کی طرف سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو میں تعاون کے پروگرام کے تحت دوسری قسط ہے۔ یہ پروگرام چار سال کے لیئے ہے اور اس کی مالیت بیس کروڑ امریکی ڈالر ہے ۔ اس دو طرفہ سمجھوتے پر یو ایس ایڈ کے ڈائریکڑ جوناتھن ایڈلٹن نے ہفتے کو مظفرآباد میں دستخط کیئے جبکہ پاکستان کے اقتصادی امور کے سیکریڑی خالد سعید نے پہلے ہی اسلام آباد میں دستخط کیئے تھے۔ مظفرآباد میں ہفتے کوہونے والی اس تقریب میں پاکستان میں امریکی سفیر رائن سی کروکر اور زلزلے سے متعلق تعمیر نو اور بحالی کے پاکستان کے ادارے یعنی ’ایرا‘ کے نائب چیرمین لیفٹینٹ جنرل ندیم احمد نے بھی شرکت کی ۔ اس معاہدے کے تحت امریکہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی چار کروڑ سے زائد امریکی ڈالر کی یہ رقم اس سال صوبہ سرحد اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے متاثرہ علاقوں میں پچاس سکول اور کوئی بیس طبی مراکز تعمیر کرنے اور عملے کی تربیت پر خرچ کی جائے گی ۔ یہ رقم امریکی ادارے برائے بین الااقوامی ترقی کی طرف سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو میں تعاون کے پروگرام کے تحت دوسری قسط ہے یہ پروگرام چار سال کے لیئے ہے اور اس کی مالیت بیس کروڑ ڈالر ہیں ۔ یو ایس ایڈ کے ڈائریکڑ جوناتھن ایڈلٹن نے کہا یہ رقم صحت تعلیم اور متاثرہ علاقوں کی معاشی ترقی پر خرچ کی جائے گی۔ اسی پروگرام کے تحت شہر مظفرآباد میں پندرہ لاکھ امریکی ڈالر کی مالیت کے ملبے ہٹانے کے ایک منضوبے پر ایک بین الا اقوامی غیر سرکاری تنظیم انٹرنیشنل آرگنازیشن فار مائیگریشن کے ذریعے اپریل سے عمل درآمد ہورہا ہے۔ امریکی سفیر رائن سی کروکر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعمیر نو کا کام طویل اور مشکل ضرور ہے لیکن انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ عمل کامیاب ہوگا۔ امریکہ کی طرف سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں اور تعمیر نو کی کوششوں میں تعاون کے لیئے کوئی پچاس کروڑ ڈالر کا وعدہ ہے ۔ |