جنوبی وزیرستان: چار ’طالبان‘ ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقے انگور اڈہ میں پیر کی سہ پہر امریکی بمباری سے تین افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔ جنوبی وزیرستان میں مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امریکی طیاروں نے پیر کی سہہ پہر افغانستان کے ساتھ سرحد پر واقع پاکستانی علاقے انگور اڈہ میں یہ کارروائی کی۔ مقامی قبائلیوں کا کہنا ہے کہ بمباری کا نشانہ ایک پہاڑ پر کرومائیٹ کی کانکنی میں مصروف مزدور بنے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیئے انگور اڈے لایا گیا ہے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل شوکت سلطان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے علاقے میں بمباری کی تردید کی۔ فوج کے ترجمان نے کہا کہ نہ تو پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی ایسا واقعہ پیش آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر افغانستان کے علاقے میں کوئی واقعہ پیش بھی آیا ہے تو وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ پاکستان فوج کے ترجمان مطابق شام سات بجے تین زخمی افراد انگور اڈہ میں پاکستانی چیک پوسٹ پر آئےجن کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد کا علاج بھی کیا جا رہا ہے اور ان سے تحقیق بھی ہو رہی ہے۔ افغانستان میں امریکی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی ہیلی کاپٹروں نے سرحدی علاقوں میں اسلحہ لے جانے والے ایک ٹرک کو نشانہ بنایا جس میں چار مشتبہ طالبان ہلاک کردیئےگئے۔ ترجمان نے کہا کہ اس پوری کارروائی کے دوران پاکستانی فوج سے رابطہ رکھا گیا تھا۔ بہت سی جگہوں پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی لائن واضع نہیں ہے کیونکہ اس علاقے میں دشوار گزار پہاڑیاں اور درے ہیں۔ امریکی فوج کے ترجمان نے تردید کی کہ امریکی ہیلی کاپٹروں سے فائر ہونے والا کوئی میزائیل پاکستان کی حدود میں جا گرا تھا۔ ترجمان کرنل پال فٹز پیٹرک کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت یہ بات حتمی طور پر کہی جا سکتی ہے کہ یہ حملہ افغانستان کی حدود میں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہمیں دونوں ممالک کی سرحدوں کا علم ہے‘۔ اس سے قبل شمالی وزیرستان اور باجوڑ میں سرحد پار سے اس طرح کے امریکی حملوں پر حکومت پاکستان نے امریکہ سے کئی مرتبہ احتجاج بھی کیا تھا۔ باجوڑ کے ڈمہ ڈولہ گاؤں میں اس سال جنوری میں تین مکانات پر امریکی بمباری سے اٹھارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تاہم یہ تازہ ہلاکتیں ایک ایسے وقت ہوئی ہیں جب ایک اعلی امریکی اہلکار نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان نے اس بیان پر کافی برہمی کا اظہار بھی کیا تھا۔ |
اسی بارے میں باجوڑ :القاعدہ ممبران کی شناخت 18 January, 2006 | پاکستان ’غیرملکی مرنے کا ثبوت نہیں‘21 January, 2006 | پاکستان باجوڑ حملے کے خلاف مظاہرہ27 January, 2006 | پاکستان ڈمہ ڈولا میں امریکہ مخالف مظاہرہ22 January, 2006 | پاکستان باجوڑ ایجنسی میں اٹھارہ ہلاک13 January, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||