کوہلو دھماکہ: دو ہلاک، بیس زخمی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے کوہلو میں ایک حجام کی دکان میں بم پھٹنے سے نیم فوجی دستے کے اہلکار سمیت دو افراد ہلاک اور بیس زخمی ہوگئے ہیں۔ کوہلو کے مرکزی بازار میں ہونے والا یہ دھماکہ اس قدر زوردار تھا کہ حجام کی دکان، اس سے متصل دکان اور ایک فلیٹ منہدم ہوگئے۔ کوہلو کے ضلعی انتظامی افسر اکبر مری نے بتایا ہے کہ اس دھماکے میں لیویز کا ایک اہلکار احمد یار موقع پر ہلاک ہوا جبکہ ایک زخمی شاہ میر نے ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ دیا۔ اس دھماکے کے تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ اکبر مری نے بتایا ہے کہ لیویز اہلکاروں نے چھ مشکوک افراد کو حراست میں بھی لیا ہے جن میں سے ایک کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ دھماکے کے مقام سے بھاگ رہا تھا۔ تاحال کسی گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ دھماکہ پاکستانی حکومت کی جانب سے بلوچ شدت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے اور اس پر لگائی جانے والی پابندی کے جواب میں کیا گیا ہے۔ یاد رہے گزشتہ ماہ کوہلو میں ایک ٹیلیفون کی دکان (پبلک کال آفس) میں دھماکہ ہوا تھا جس میں ایک شخص ہلاک اور بارہ زخمی ہوگئے تھے۔ دریں اثناء گزشتہ روز فرنٹیئر کور نے لورالائی کے قریب سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا جس میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے سات میزائلوں کے علاوہ بڑی تعداد میں راکٹ، مارٹر گولے اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔ اس کارروائی میں تین افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ | اسی بارے میں ’بلوچ آرمی کا کوئی وجود نہیں‘09 April, 2006 | پاکستان بلوچستان لِبریشن آرمی پر پابندی09 April, 2006 | پاکستان بارودی سرنگیں: بلوچستان ہلاکتیں04 April, 2006 | پاکستان کوہلو دھماکے، تین افراد ہلاک02 April, 2006 | پاکستان بلوچ دھماکے: فوجی سمیت سات ہلاک02 April, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||