 | | | بلوچستان میں مسلح قوم پرست تنظیمیں سرگرم ہیں |
بلوچستان کے ضلع کوہلو میں ایک سرکاری ڈیری فارم میں گھریلو ساخت کے بم پھٹنے سے دو ملازم ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ دس افراد زخمی بتائے گئے ہیں۔ ایک مقامی اہلکار محمداکبر نے خبررساں ادارے اے پی کو بتایا کہ کوہلو میں ہونے والا یہ دھماکہ مقامی قبائلیوں نے کیا ہے۔ تاہم کسی تنظیم نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ زخمی ہونے والوں میں تین افراد کی حالت سنگین بتائی گئی ہے۔ حالیہ مہینوں میں بلوچستان میں قوم پرست تنظیمیں حکومتی ٹھکانوں کو نشانہ بناتی رہی ہیں۔ محمد اکبر نے بتایا کہ اتوار کو ہونے والا دھماکہ ملازمین کے لیے آرام کرنے کی ایک جگہ پر ہوا لیکن کسی بڑے پیمانے پر تباہی نہیں ہوئی ہے۔ اتوار کے روز ہی ڈیرہ مراد جمالی میں ایک بارودی سرنگ کے پھٹنے سے ایک ٹریکٹر تباہ ہوگیا۔ اس واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔ ہلاک ہونے والے شخص کا نام محمد امین بتایا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی کوہلو کے بازار میں ہونے والے ایک دھماکے کے لئے مقامی قبائلیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔ اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے تھے۔
|