زلزلہ اور پاکستانی میڈیا کا کردار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ناقدین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں زلزلہ آیا تو نو آموز الیکٹرانک میڈیا قوم کا واحد قائد ٹھہرا لیکن اس کی ناتجربہ کاری کی وجہ سے نے کہیں کہیں اس سے ایسی غلطیاں بھی ہوئیں جس کے اثرات عام آدمی پر پڑے۔ پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات کے چیئرمین شیخ مغیث الدین کے بقول ’پوری قوم قائد کے بغیر چل رہی تھی اور میڈیا اس کا لیڈر بن کر سامنے آیا۔اس نے نشاندہی کہ کیا ہورہا ہے اور یہ رہنمائی بھی کی کہ قوم کو کیا کرنا چاہیے‘۔ انہوں نے کہا کہ جب میڈیا مسئلہ کے ساتھ ساتھ اس کا حل بھی پیش کرئے تو پھر کہا جاتا ہے کہ میڈیا کا کردار مثبت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا نے صاحبانِ اختیار کو یہ بھی بتایا کہ ان کے کرنے کا کیا کام ہے اور وہ کیا کام نہیں کر رہے ہیں۔ ایک نجی یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات کے چیئرمین ڈاکٹر مہدی حسن نےکہا کہ پاکستان میں یہ پہلا موقع تھا کہ کسی قدرتی آفت کی اس پیمانے پر براہِ راست یا فوری کوریج ہو سکی اور لوگوں کو میڈیا کہ وجہ سے ہی معلوم ہوا کہ کتنی بڑی تباہی ہوئی ہے اور زلزلے کے کیا اثرات تھے اور اسی کے نتیجے میں غیر معمولی امدادی کارروائی ہو پائی۔ پاکستان کے اردو اخبار نوائے وقت میں پچیس سال سے ریڈیو ،ٹی وی مانیٹرنگ کرنے والے سینئر صحافی کفیل احمد صدیقی کہتے ہیں کہ اگر دو سال پہلے یہ واقعہ ہوا ہوتا تو شاید اس قوم اور دنیا کو یہ معلوم ہی نہ ہو پاتا کہ کتنی بڑی تباہی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ ہی غیرملکی ذرائع ابلاغ اتنی دلچسپی لیتے اور نہ ہی سرکاری الیکٹرانک میڈیا وہاں جانے کی زحمت گوارا کرتا۔ کفیل صدیقی کا کہنا تھا کہ مقامی ٹی وی چینلز نے بین الاقوامی میڈیا کو مات دے دی ہے۔ وہ مثال دیتے ہیں کہ جب امریکی ریاست نیو آرلینز میں تباہی آئی تو جدید ترین سہولیات کے باوجود امریکی صحافی اتنی جلدی متاثرہ علاقے میں نہیں پہنچ پائے جتنی جلدی پاکستان میں زلزلہ آیا تو مقامی ٹی وی اور ریڈیو چینلوں کے نمائندے زلزلہ زدہ علاقوں میں پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی صحافی متاثرہ علاقوں میں ٹوٹی سڑکوں اور بدترین حالات میں بھی پہنچ کر رپورٹنگ کرتے رہے جبکہ امریکی صحافی کٹرینا طوفان کے تھم جانے اور راستے بحال ہونے کا انتظار کرتے رہے۔ کفیل احمد صدیقی نے کہا کہ اب جبکہ پاکستانی میڈیا نے زلزلے کی کوریج تقریباً چھوڑ دی ہے، بی بی سی ریڈیو وہ واحد چینل ہے جو اب بھی کوریج کرنے میں پیش پیش ہے اور آج بھی بتا رہا ہے کہ متاثرین کے کیا نت نئے مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور کس کو کہاں مدد کی ضرورت ہے۔
شعبہ ابلاغِ عامہ کے دونوں استاد، شیخ مغیث الدین اور ڈاکٹر مہدی حسن اس بات پر متفق ہیں کہ ناتجربہ کاری کی وجہ سے مقامی ٹی وی چینلوں نے کچھ ایسے کام بھی کیے جس کے منفی اثرات تھے لیکن کفیل صدیقی اس بات کونہیں مانتے۔ شیخ مغیث الدین کا کہنا ہے کہ’جب ساری لیڈر شپ میڈیا کے ہاتھ چلی گئی تو اس کی چھوٹی سی غلطی کا خمیازہ بھی پوری قوم نے بھگتا‘۔ ڈاکٹر مہدی حسن نے کہا کہ پاکستان میں شروع ہونے والے نئے چینلز کے لیے کسی قدرتی آفت کی کوریج کا یہ پہلا تجربہ تھا اور اسی ناتجربہ کاری میں انہوں نے کچھ ایسی چیزیں بھی ٹی وی پر چلا دیں جنہیں نشر نہیں کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے مثال دی کہ ٹی وی پر لوگوں کو مرتے دکھایا گیا جو ان کے بقول نہ صرف صحافتی اخلاقیات کے منافی تھا بلکہ متاثرہ لوگوں کی ذاتیات اور ان کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں آئے روز ہونے والی قتل وغارت گری کو امریکہ دہشت گردی کی کارروائی قرار دیتا ہے اور ان واقعات میں مرنے والوں کی لاشیں دکھا کر وہ بین الاقوامی سطح پر فائدہ اٹھا سکتا ہے لیکن مغربی ذرائع ابلاغ ایسا نہیں کر رہے جبکہ پاکستانی میڈیا نے بنا سوچے سمجھے لوگوں کو ان کے گھروں میں دم توڑتا دکھانا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز کے پالیسی سازوں کو اب وقت ملا ہے اور انہیں تجربہ بھی ہوگیا ہے۔ اب انہیں چاہیے کہ وہ بیٹھ کر غور کریں کہ انہیں کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں کرنا چاہیے۔ شیخ مغیث الدین کہتے ہیں کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات میں ایسے تعلیمی کورسز پڑھائےجائیں گے جن میں بتایا جائے گا کہ ان حالات میں ذرائع ابلاغ خود کو کیسے لائن اپ کریں جب ہر چیز تباہ ہوچکی ہو۔ کفیل احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ میڈیا کے مثبت کردار کے سامنے اس کا منفی کردار نہ ہونے کے برابر ہے اور چھوٹی موٹی غلطیاں تو بڑے بڑے بین الاقوامی ادارے بھی کر گزرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی یاد رکھیں کہ اگر ذرائع ابلاغ متاثرہ لوگوں کے دکھ اور تکلیف کو اتنے زور دار انداز میں قوم اور دنیا کے سامنے نہ پہنچاتا تو متاثرہ لوگوں کو اتنی مدد نہ مل سکتی جتنی مل گئی ہے۔ | اسی بارے میں کشمیر کی فراموش وادی20 December, 2005 | پاکستان زلزلہ امداد بذریعہ ایف ایم ریڈیو09 December, 2005 | پاکستان زلزلہ: دو ماہ بعد بھی وہی حال08 December, 2005 | پاکستان بی بی سی اردو کی نشریات بند15 November, 2005 | پاکستان سینیٹ کے اندر اور باہر پیمرا کی مذمت15 November, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||