قومی اسمبلی: سپیکر نے صلح کرا دی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سپیکر قومی اسمبلی چودھری امیر حسین نے ایوان کے اندر ہاتھا پائی کرنے والے حزب مخالف کے دو اراکین کے درمیان منگل کے روز صلح کرادی اور دونوں کو گلے ملوایا۔ قاری گل رحمٰن کو ایوان کے اندر تھپڑ مارنے پر مسلم لیگ کے اقلیتی رکن اسمبلی کرشن بھیل نے مولانا سے معذرت کی اور معاملہ رفع دفع ہوگیا۔ گزشتہ جمعہ کے روز ایوان کی کارروائی جیسے ہی ختم ہوئی تھی تو کرشن بھیل نے متحدہ مجلس عمل کے رکن مولانا قاری گل رحمٰن کو تھپڑ مارے تھے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ مولانا نے ان کے ہندو دھرم کو برا بھلا کہا تھا۔ کرشن بھیل اور قاری گل رحمٰن میں ہاتھا پائی کے معاملے کا ان کی جماعتوں کے رہنماؤں اور سپیکر نے سخت نوٹس لیا تھا۔ مسلم لیگ نواز کے رہنما چودھری نثار اور مولانا فضل الرحمٰن کی کوششوں کے بعد کرشن بھیل نے پیر کے روز قائد حزب اختلاف کے چیمبر میں قاری گل رحمٰن سے معذرت کی تھی۔ لیکن سپیکر نے باضابطہ طور پر صلح منگل کے روز ایوان کے اندر کرائی۔ سپیکر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ایوان کے تقدس کا خیال رکھا جائے اور آئندہ کوئی بھی رکن ایسا قدم نہیں اٹھائے جس سے اس کا تقدس پامال ہو۔ دریں اثناء متحدہ مجلس عمل کے سرکردہ رہنما لیاقت بلوچ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف نے دو بار بطور صدر حلف اٹھایا ہے اور اپنے ترمیم کردہ آئین کے مطابق وہ تیسری بار اس عہدے کے اہل نہیں ہیں۔ انہوں نے صدر کے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا۔ | اسی بارے میں اسمبلی: ارکان کے درمیان ہاتھا پائی 08 December, 2005 | پاکستان حدود قانون ترمیم، حکومتی مخالفت06 December, 2005 | پاکستان ارکانِ اسمبلی زلزلے کو بھول گئے06 December, 2005 | پاکستان صحافی کا اغوا، پریس کا احتجاج06 December, 2005 | پاکستان صدر کا خطاب، رولنگ محفوظ05 December, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||