ورثاء کیلیے خیمہ، نومولود کو کھلونے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں زلزلے سے متاثرہ صوبہ سرحد کے ضلع بٹ گرام کی تحصیل الائی میں قائم خیمہ ہسپتالوں میں ہر مرنے والے کے ورثا کو خیمے اور ترپال جبکہ نئے پیدا ہونے والے بچے کو گرم سوٹ اور کھلونے دیے جاتے ہیں۔ اس علاقے میں امدادی کاموں کے انچارج کرنل ذکیر احمد عباسی نے بی بی سی کو بتایا کہ جب کوئی مریض کسی ہسپتال میں داخل ہوتا ہے تو ان کے ورثا بھی ساتھ ہوتے ہیں اور مریض کے مرجانے کی صورت میں ان کے لواحقین کو گھر کے لیے ایک خیمہ، کمبل یا رضائی اور قبر ڈھانپنے کے لیے ایک ترپال دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہسپتال میں پیدا ہونے والے ہر بچے کے لیے ان کے والدین کو گرم سوٹ، کھلونے اور پمپرز وغیرہ تحفے میں دیے جاتے ہیں۔ کرنل عباسی کے مطابق بچوں کے حقوق کے متعلق کام کرنے والی بعض تنظیموں نے تحائف لا کر رکھے ہیں۔ ان کے مطابق نئے پیدا ہونے والے بچوں کے علاوہ خیموں میں رہائش پذیر بچوں کو بھی کھلونے اور کپڑے وغیرہ دیے گئے ہیں۔ جب ان سے پوچھا کہ مرنے والے کے ورثاء کو پہلے خیمہ کیوں نہیں دیا جاتا تو انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان کو ایک خیمہ پہلے بھی مل چکا ہوتا ہے اور دوسرا خیمہ اس لیے دیا جاتا ہے تاکہ تعزیت کے لیے آنے والے لوگ بیٹھ سکیں۔ تحصیل الائی کے صدر مقام بنہ میں سڑک کنارے ایک خیمہ میں قائم رہائشگاہ میں کرنل عباسی ابھی اس بارے میں تفصیلات بتا ہی رہے تھے کہ ایک سپاہی رجسٹر لے کر حاضر ہوا اور بتایا کہ ’سر جی آج ایک اور بچہ پیدا ہوا ہے‘۔ سپاہی نے استفسار پر بتایا کہ یہ خیمہ ہسپتال میں پیدا ہونے والا پچیسواں بچہ ہے اور کرگ نامی گاؤں کی رہائشی فاطمہ گل نامی خاتون نے اس بچے کو جنم دیا ہے۔ سپاہی نے دیگر پیدا ہونے والے بچوں کی تفصیل بھی بتائی۔ جب ان سے متعلقہ خاتون سے بات کرنے کی اجازت لینے کو کہا تو انہوں نے کہا کہ ایسا ممکن نہیں۔ ان کے بقول یہاں کے لوگ سخت پردہ کراتے ہیں اور کسی بھی نامحرم سے عورت کی بات کرنا پسند نہیں کرتے۔ | اسی بارے میں ’ڈیڑھ لاکھ افراد کو رہائش میسرآ گئی‘02 December, 2005 | پاکستان ’نوّے فیصد خیمے غیر موزوں‘02 December, 2005 | پاکستان مانسہرہ میں روزانہ دو اموات02 December, 2005 | پاکستان ’نیٹو فورس چلی جائے گی‘02 December, 2005 | پاکستان جستی چادریں اور کوئٹہ کی انگیٹھی02 December, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||