تصادم میں 4 شدت پسند ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں حکام کا کہنا ہے کہ میر علی کے قریب زڑا میلہ کے علاقے میں مشتبہ عسکریت پسندوں سے تصادم میں چار حملہ آور ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم سیکورٹی فورسز کے ہاتھ صرف ایک لاش آ سکی ہے۔ یہ تازہ جھڑپ اتوار کی رات گئے میر علی سے چھ کلومیٹر شمال میں ٹل میر علی روڈ پر زڑا میلہ کے مقام پر ہوئی۔ حکام کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے رات گئے نیم فوجی ملیشیا کی ایک چوکی کو گھیرے میں لینے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی فورسز کی گولہ باری سے چار حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق انہیں صرف ایک شخص کی لاش مل سکی جبکہ باقی تین مشتبہ حملہ آور پسپائی کے وقت ساتھ لے جانے میں کامیاب رہے۔ قبضے میں لی جانے والی لاش عبدالرحمان نامی شخص کی بتائی جاتی ہے جس کا تعلق سپین وام کے علاقے سے ہے۔ حکام کے مطابق اس کے قبضے سے ایک راکٹ لانچر بھی برآمد ہوا ہے۔ اس شخص کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ عبدالرحمان ڈیڑھ ماہ قبل ناراض ہوکر گھر سے چلا گیا تھا۔ ادھر ایشہ چیک پوسٹ پر کل ہلاک ہونے والے دو مقامی قبائلیوں کو آج سپرد خاک کر دیا گیا۔ مقامی قبائلیوں کا کہنا ہے کہ اول مرجان اور شکیل احمد کو چوکی پر سیکورٹی فورسز نے اپنی کلاشنکوف حوالے کرنے سے انکار پر ہلاک کیا تھا۔ ادھر ایف آر بنوں کے علاقے میں سکاوٹس چیک پوسٹ کے قریب بھی ایک ریمورٹ کنٹرول آلے سے دھماکہ ہوا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||