ندیم سعید بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ملتان |  |
 | | | جنوبی پنجاب میں ٹریفک حادثات عام ہیں جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں |
پنجاب میں ضلع رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور کے قریب ایک فوجی ٹرک الٹنے سے فوج کے چار اہلکار ہلاک جبکہ چودہ زخمی ہوگئے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ حادثہ ٹرک کا ٹائی راڈ ٹوٹنے سے پیش آیا۔ لیاقت پور پولیس سے حاصل کی گئی معلومات کے مطابق اٹھارہ کے قریب فوجی اہلکار بدھ کی صبح عوامی ایکسپریس کے ذریعے لاہور سے لیاقت پور پہنچے۔ ریلوے سٹیشن سے ایک فوجی ٹرک انہیں لے کر فیروزہ چھاؤنی کی طرف رواں دواں تھا کہ گاؤں چک بائیس کے قریب ایک موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں نائیک یٰسین اور سپاہی محمد افتخار، خادم اور سرفراز موقع پر ہلاک ہوگئے۔ چودہ زخمیوں کو لیاقت پور کے سول ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی جارہی ہے۔ تاہم فوجی حکام بہتر طبی سہولتوں کی خاطر زخمیوں کو کسی قریبی ملٹری ہسپتال میں منتقل کرنے کے انتظامات کررہے ہیں۔ زخمیوں میں سے آٹھ شدید زخمی بتائے جارہے ہیں۔
|