عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ |  |
 |  کوئٹہ میں ریڈیو سٹیشن کی عمارت کو بھی ماضی میں نشانہ بنایا گیا تھا |
صوبہ بلوچستان کے شہر مچھ کے قریب مرواڑ کے علاقے میں نا معلوم افراد نے ہیلی کاپٹروں پر فائرنگ کی ہے لیکن کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ فوج کے تعلقات عامہ کے محکمے سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کے دو ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھے کہ مرواڑ کے علاقے میں نا معلوم افراد نے ہیلی کاپٹروں پر فائرنگ کی ہے لیکن کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ کل دوپہر کوئٹہ پریس کلب میں میرک بلوچ نا می شخص نے ٹیلیفون پر اپنے آپ کو بلوچ لبریشن آرمی کا نمائندہ ظاہر کیا اور کہا ہے کہ وہ اپنی تنظیم کی جانب سے ہیلی کاپٹر پر حملے کی زمہ داری قبول کرتا ہے۔ میرک بلوچ نے دعوی کیا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر فضائیہ کے تھے اور فائرنگ سے ہیلی کاپٹروں کو نقصان پہنچا ہے۔ لیکن اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ بلوچستان میں پولیس پر حملے اور مختلف دھماکوں کی ذمہ داری یہ تنظیم قبول کر چکی ہے۔ میرک بلوچ نے گزشتہ دنوں ٹیلیفون پر کہا تھا کہ انھیں جب بھی کوئی موقع ملے گا وہ اپنی کارروائی کریں گے اور یہ سب کچھ بلوچستان کے حقوق کے حصول کے لیے کر رہے ہیں۔ |