کوئٹہ میں پانچ دھماکے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان کے شہر بارکھان کے قریب نا معلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد سے بجلی کے چار کھمبے اڑا دیے ہیں جس سے کوہلو کو بجلی کی ترسیل منقطع ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ کل رات کوئٹہ اور قلات میں پانچ دھماکے ہوئے ہیں لیکن کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ کوئٹہ سے کوئی تین سو کلومیٹر دور مشرق میں واقع بارکھان کے قریب نا معلوم افراد نے رات کے وقت بجلی کے چار کھمبوں کو نشانہ بنایا ہے جس سے قریبی ضلع کوہلو کو بجلی کی ترسیل منقطع ہو گئی ہے۔ یہ ایک سو بتیس کے وی کی لائن ہے جو بارکھان سے کوہلو تک جا رہی ہے۔ تاحال اس واقعہ کے ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ واپڈا کے کوہلو میں لائن سپرنٹنڈنٹ مجیداللہ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ بجلی کے کھمبوں کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ انھوں نے کہا ہے کہ اس علاقے میں کوئی ڈیڑھ سو صارف ہیں جو متاثر ہوئے ہیں یاد رہے کہ اسی علاقے میں بجلی کی تنصیبات کوگزشتہ دو ماہ میں دو مرتبہ پہلے نشانہ بنایا گیا تھا اور کافی عرصہ تک بجلی کی ترسیل بحال نہیں کی جاسکی تھی۔ اس کے علاوہ ضلع بارکھان کے قریب ٹیلیفون کے ریپیٹر سٹیشن کو دو ماہ قبل نشانہ بنایا گیا تھا جسے تاحال مرمت نہیں کیا جا سکا۔ کوہلو اور کاہان مری قبائل کا علاقہ ہے جبکہ قریبی علاقے بارکھان میں کھیتران قبائل رہتے ہیں۔ ادھر کل رات کوئٹہ میں ارباب کرم خان روڈ وحدت کالونی میں دو دھماکے ہوئے ہیں اور کوئٹہ سے کوئی ایک سو کلومیٹر دور قلات میں تین دھماکے ہوئے ہیں لیکن کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||