کشمیر میں بھٹک جانے والے گرفتار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں فوجی حکام کا کہنا ہے سنیچر کی شام کو دوشہری اپنے مویشیوں سمیت غلطی سے کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن عبور کرکے بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے میں داخل ہو گئے جہاں بھارتی افواج نے ان کو اپنی حراست میں لے لیا ہے ۔ پاکستانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ان کی واپسی کے لیے بات چیت ہورہی ہے۔ یہ تازہ واقعہ مظفرآباد کے جنوب مشرق میں ساٹھ کلو میڑ کے فاصلے پر واقع سرحدی علاقہ وادی لیپہ میں سنیچر کی شام کو پیش آیا۔ پاکستان کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ دو افراد تیرہ سالہ محمد وقار اور تیس سالہ عبدالروف اسوقت لائن آف کنڑول عبور کرکے بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے میں داخل ہوگئے جب وہ لائن آف کنڑول کے قریب اپنے مال مویشی چرارہے تھے۔ ان دونوں افراد کا تعلق وادی لیپہ کے گاؤں گائی پورہ سے ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جب ان دو شہریوں نے اپنے مویشیوں سمیت لائن آف کنڑول عبور کی تو دوسری جانب تعینات بھارتی افواج نے ان کو اپنی حراست میں لے لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان دو شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے مقامی سطح پر پاکستانی اور بھارتی فوجی حکام کے درمیان بات چیت ہورہی ہے۔ حکام کو امید ہے کہ بھارتی فوج جلدی ہی ان دونوں شہریوں کو واپس کر دیں گے۔ واضع رہے کہ کچھ دن پہلے ہندوستان اور پاکستان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں جانب سے لائن آف کنڑول غلطی سے عبور کرنے والے افراد کو واپس کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے گا اور اس بارے میں دونوں ممالک نے ایک تفصیلی لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||