ضلعی انتخابات کی مانیٹرنگ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں موجود غیرملکی سفارتکاروں نے بلدیاتی انتخابات کی مانیٹرنگ شروع کردی ہے اور حزب اختلاف کی جماعتوں کی شکایات معلوم کرنے کے لیے ان سے ملاقاتیں کی ہیں۔ کراچی میں امریکہ کی نگران قونصل جنرل، برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر، اٹلی کے قونصل جنرل، روس، ایران، ترکی، جاپان، فرانس اور جرمنی سمیت دس غیرملکی سفارتکاروں نے سندھ اسمبلی میں حزب اختلاف رہنماء نثار کھوڑو سے ملاقات کی۔ نثار کھڑو کے مطابق سفارتکاروں نے بلدیاتی انتخابات کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا اور تفصیلات معلوم کیں۔ سندھ اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنماء کے مطابق انہوں نے سفارتکاروں کو بتایا کے حکومت الیکشن کمیشن کے ضوابط کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات پر یقین نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انتخابات سے قبل اپنی مرضی کی حلقہ بندیاں کی ہیں۔ نثار کھوڑو نے شکوہ کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن کا وجود ہی نہیں ہے۔ حکومت کھلے عام اختیارات اور وسائل کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے لیے پی پی پی کی نگران کمیٹی کے چیئرمین تاج حیدر نے بتایا کہ انہوں نے سفارتکاروں کو اپنی شکایات بتائی ہیں اور اس عمل کے اچھے نتائج نکلیں گے۔ دوسری جانب پانچ اسلامی ممالک کے سفیروں کے ایک وفد نے سعودی سفیر کی سربراہی میں سندھ کے وزیر داخلہ سے ملاقات کی ہے۔ وفد میں بحرین، کویت، قطر، مسقط اور اومان کے سفیر شامل تھے۔ وزیر داخلہ کے مطابق سفیروں سے کراچی میں امن امان کےحوالے سے بات چیت ہوئی۔ سفارتکاروں نے حکومت کی تعریف کی اور صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||