قلعہ عبداللہ میں ضمنی انتخاب | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب آج ہو رہے ہیں جس کے لیے فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ قلعہ عبداللہ کی یہ نشست پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رکن نسیم تریالی کو نااہل قرار دیے جانے کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔ اس وقت اس نشست پر چار امیدوار میدان میں ہیں جن میں پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے عبدالقہار ودان، عوامی نیشنل پارٹی کے سرور پیرعلیزئی، مجلس عمل کے عبدالرحمان آغا اور مسلم لیگ کے لالہ جان شامل ہیں۔ صوبائی حکومت نے اس علاقے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بارے میں ضلعی رابطہ افسر نے کہا ہے کہ فوج کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے ۔ اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد چھہتر ہزار ایک سو چرہتر ہے جس کے لیے سینتالیس پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس نشست پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی، مجلس عمل اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدواروں کے مابین سخت مقابلہ ہوگا۔ عام انتخابات میں یہ نشست نسیم تریالی نے جیت لی تھی۔ لیکن سرور پیر علیزئی نے عدالت سے رجوع کیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ نسیم تریالی گیس کے محکمے میں ملازم رہے ہیں اور تنخواہ وصول کرتے رہے ہیں۔ اسی بنیاد پر عدالت نے نسیم ترالی کی رکنیت معطل کر دی تھی اور دوبارہ انتخاب کا فیصلہ سنایا تھا۔ پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے موجودہ امیدوار قہار ودان نے کوئٹہ کے ایک ٹاؤن کی نظامت سے استعفی دے کر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||