حسنی جیت گئے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کے امیدوار سردار فتح محمد حسنی کو پنجگور سے قومی اسمبلی نشست پر غیر سرکاری نتائج کے مطابق کامیاب قرار دے دیا گیا ہے۔ اس نشست پر پانچ امیدوار میدان میں تھے جن میں مسلم لیگ کے سردار فتح محمد حسنی کے علاوہ نیشنل پارٹی کے عبدالخالق بلوچ متحدہ مجلس عمل کے حافظ محمد اعظم بلوچستان نیشنل پارٹی کے اسد بلوچ اور آزاد امیدوار سردار محمد حسین شامل تھے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق سردار فتح محمد حسنی نے پچیس ہزار دو سو دس اور قریبی حریف عبدالخالق بلوچ نے سترہ ہزار چار سو باون ووٹ حاصل کیے ہیں۔ باقی امیدواروں میں حافظ محمد اعظم نے آٹھ ہزار اسد بلوچ نے چار ہزار پانچ سو جبکہ محمد حسین نے نو سو اکیاسی ووٹ حاصل کیے ہیں۔ یہ نشست متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی مولوی رحمت اللہ کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ سردار فتح محمد حسنی پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر تھے لیکن صدر مشرف کے اقتدار میں آنے کے بعد بیرون ملک چلے گئے تھے۔ واپسی پر پیپلز پارٹی سے استعفیٰ دے کر مسلم لیگ قائد اعظم میں شمولیت اختیار کر لی ہے اور ساتھ ہی اس نشست پر مسلم لیگ کی امیدوار نامزد کر دیے گئے۔ نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اور بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کچکول علی ایڈووکیٹ نے پنجگور سے بتایا ہے کہ دھاندلی کے کوئی بڑے واقعات سامنے نہیں آئے لیکن ضلعی انتظامیہ کا جھکاؤ حکمران جماعت کے امیدوار کی طرف تھا جبکہ حکومت کے حمایتی ان انتخابات میں کافی سرگرم تھے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام محمد یوسف مسلم لیگی امیدوار کے لیے کئی روز تک اسی حلقے میں رہے اور کئی ترقیاتی سکیموں کا اعلان کیا جس کی حریف امیدواروں نےمذمت کی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||