ایم ایم اے ارکان اسمبلی پر مقدمہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
متحدہ قومی موومنٹ کی رہنما نسرین جلیل پر حملے کے الزام میں تین اراکین اسمبلی سمیت ایم ایم اے کے تین سو کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیاگیا ہے۔ ایم ایم اے کے ارکان نے الزامات کی تردید کی ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پولیس کے مطابق ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کی رکن نسرین جلیل نے بعض رہنماؤں کے ہمراہ سنیچر کی شب شاہراہ فیصل پر واقع ایئرپورٹ تھانے پہنچ کر ٹاؤن افسر کے ذریعے انگریزی میں تحریری درخواست دی۔ مقدمہ میں سبکدوش ہونے والے سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے علاوہ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے تین اراکین اسمبلی لئیق احمد، نصراللہ شجیع اور یونس بارائی سمیت تین سو افراد کو ملزم قرار دیا گیا ہے۔ نسرین جلیل کا کہنا ہے کہ وہ اسی فلائیٹ میں سفر کر رہیں تھیں جس میں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے علاوہ وفاقی وزیر فیصل صالح حیات اور متحدہ کے رکن اسمبلی حیدر رضوی بھی سفر کر رہے تھے۔ ان کے مطابق لاؤنج سے باہر نکلتے وقت انہوں نے وہاں موجود ایم ایم اے کے اراکین اسمبلی کو سلام کیا اور پھر وہ جیسے ہی آگے بڑھیں تو پیچھے سے نعرہ بازی کی گئی جس کا مقصد انہیں ڈرانا دھمکانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے عملے نے انہیں گھیرے میں لے لیا اور نعرے بازی کرنے والے کارکنوں کے نرغے سے باہر نکالا۔ نسرین جلیل نے بتایا کہ باہر ان کی گاڑی کو بھی جماعت اسلامی کے کارکن گھیرے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نعمت اللہ خان، نصراللہ شجیع اور لئیق احمد بھی وہیں موجود تھے اور اگر وہ چاہتے تو ان کارکنوں کو روک سکتے تھے۔ ایم ایم اے کے ارکان اسمبلی نصراللہ شجیع، یونس بارائی اور حمیداللہ ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ حملے اور بدتمیزی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ ’ہم سیاسی اور جمہوری آداب، اخلاقیات اور تحمل و برداشت کے حامل لوگ ہیں اور ہم خواتین کا احترام کرتے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ نسرین جلیل ایئرپورٹ سے جب باہر آئیں تو نعمت اللہ کے استقبال کے لیے آنے والے لوگ ’حکمرانوں کی دہشتگردی، قاتلوں اور دہشتگردوں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے‘۔ انہوں نے کہا کہ نسرین جلیل کی آمد کے بعد بھی یہ نعرے لگتے رہے اور وہ مسکراتی ہوئی باہر نکلیں اور اپنی گاڑی میں بیٹھ کر چلی گئیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||