پاکستان میں انٹرنیٹ بلیک آؤٹ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان بھر میں پیر کی شب سے انٹرنیٹ اور بین الاقوامی ٹیلی فون سروس بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کے انجینئروں کے مطابق ملک کو زیرِ سمندر انٹرنیٹ کے فائبر لِنک میں فنی خرابی بڑے پیمانے پر تعطل کی وجہ ہے۔ پی ٹی سی ایل کے ترجمان کے مطابق خرابی کراچی میں ہاکس بے کے قریب واقع پاکستان انٹرنیٹ ایکسچینج سے لے کر ان دو گیٹ وے ایکسچینجز کے درمیان چوبیس کلو میٹر طویل فائبر لِنک میں کہیں نہیں ہے جو کہ زمینی راستہ کا محتاج ہے۔ بلکہ خرابی دوسری جانب زیرِ سمندر فائبر لِنک کی پاکستانی حدود میں کسی سرکٹ کی بجلی منقطع ہونے کی وجہ سے رونما ہوئی ہے جسے ساحل سے پچاس کلومیٹر کے علاقہ میں ڈھونڈنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ دوسری جانب انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی تنظیم اسپاک کے سیکریٹری وی اے عابدی کے مطابق انٹرنیٹ سروس میں بڑا بریک ڈاؤن رات نو بجے پیش آیا جس کے بعد پورے ملک میں انٹرنیٹ بلیک آؤٹ ہو گیا۔ جبکہ پی ٹی سی ایل کے حکام کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی سسٹم میں فنی خرابی کے مقام کی نشاندہی نہیں کر سکے۔
فجیرہ اور سنگاپور سے ہوتا ہوا کراچی کے ساحل تک آنے والا زیرِ سمندر SEAMEWE-3 فائبر لِنک پاکستان کو 155 میگا بائٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے ڈیٹا ٹرانسفر کی سہولت فراہم کرتا ہے جس کی عدم موجودگی کی صورت میں پی ٹی سی ایل نے ملک بھر کے انٹرنیٹ ٹریفک کو سیٹیلائٹ کے ذریعہ فقط 34میگا بائٹ فی سیکنڈ کی رفتار پر منتقل کردیا ہے۔ اس کی وجہ سےنہ صرف یہ کہ انٹرنیٹ ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا بلکہ ٹیلی کام سروس خاص طور پر موبائل فون سروس بھی خاصی متاثر ہوئی۔ پاکستان میں اس وقت پچاس سے زائد انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیاں کام کررہی ہیں جن کے تقریباً ایک کروڑ کے لگ بھگ صارفین ہیں۔ واضح رہے کہ ان کمپنیوں کا پی ٹی سی ایل سے دیرینہ مطالبہ رہا ہے کہ ملک میں فائبر لِنک کا مناسب متبادل انتظام رکھا جائے تاکہ کسی حادثہ کی صورت میں انٹرنیٹ ٹریفک میں کوئی تعطل نہ آئے۔ پی ٹی سی ایل کے ترجمان کے مطابق زیرِ سمندر فائبر لِنک میں بجلی کے تعطل کو دور کرنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں جس میں کچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے اس اطلاع کی تردید کی کہ خرابی دراصل کراچی میں مارسٹن روڈ پر واقع پی ٹی سی ایل کے گیٹ وے ایکسچینج تک آنے والےفائبر لِنک کے جنکشن میں بجلی نہ پہنچنے کے سبب ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق خرابی زیرِ سمندر فائبر لِنک میں رونما ہوئی ہے جس کی تصدیق سنگاپور ٹیلی کام کمپنی نے بھی کی ہے جبکہ اسی کمپنی سے خرابی دور کرنے میں مزید مدد لی جا رہی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||