بلوچستان: وزیراعلٰی کےگھر پرحملہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ بلوچستان کے شہر قلات میں نا معلوم افراد نے وزیر اعلی جام محمد یوسف کے ذاتی مکان پر کم سے کم دو راکٹ داغے ہیں جس سے دو ملازم زخمی ہوئے ہیں۔ قلات تھانے سے پولیس اہلکار اور وزیر اعلی کے مکان میں موجود ملازم نے بتایا ہے کہ راکٹ مشرق کی جانب سے داغے گئے ہیں بعض اطلاعات کے مطابق چار راکٹ داغے گئے ہیں جن میں سے دو راکٹ مکان سے دور گرے ہیں جبکہ دو راکٹ عمارت کو لگے ہیں لیکن پولیس اہلکاروں نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ راکٹ گرنے سے زور دار دھماکے ہوئے جس سے کھڑکیوں اور دروازوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں اور عمارت کو نقصان پہنچا ہے شیشوں کے ٹوٹنے سے ایک ملازم زخمی ہوا ہے جسے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جس وقت راکٹ داغے گئے اس وقت وزیر اعلی کے گھرانے کے افراد وہاں موجود تھے لیکن وہ اس حملے میں محفوظ رہے ہیں۔ اس بارے میں وزیر اعلی جام محمد یوسف سے رابطے کی کوشش کی بارہا کوشش کی لیکن رابطہ قائم نہ ہو سکا۔ مقامی صحافی محمود آفریدی نے کہا ہے کہ کوئی آٹھ سے دس افراد تین موٹر سائیکل اور ایک پک اپ گاڑی پر سوار ہو کر قریبی علاقے آئے جہاں سے انھوں نے راکٹ داغے ہیں اور فائرنگ بھی کی ہے۔ مکان میں موجود محافظوں نے حملہ آوراوں پر جوابی کارروائی کی ہے جس کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ قریبی زیر تعمیر عمارت پر بھی گولیوں کے نشانے پائے گئے ہیں۔ پولیس حکام اس بارے میں کچھ نہیں بتا رہے پولیس واقعہ کی تحقیقات کے لیے موقع پر پہنچ چکی ہے۔ تا حال کسی قسم کی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور ناں ہی کسی گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||