پگارا کا دعویٰ، لیگ پریشان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حمکراں مسلم لیگ سندھ کے نئے سیکریٹری جنرل اور صوبائی وزیر آبپاشی نادر اکمل لغاری نے بدھ کے روز کنگری ہاؤس میں پیر پگارا سے ملاقات کی ہے۔ پیر پگارا کے اس اعلان کے بعد کہ حکمراں لیگ نہیں بلکہ ان کی مسلم لیگ ہی اصل ہے اور وہ اس سلسلے میں عدالت اور الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے، حکمراں جماعت کے کسی عہدیدار کی یہ پہلی ملاقات ہے۔ نادر اکمل کو برطرف صوبائی وزیر امتیاز شیخ کی جگہ پارٹی کا سیکریٹری جنرل مقرر کیاگیا ہے۔ وہ اپنی تقرری کے بعد کل ہی اسلام آباد سے کراچی پہنچے ہیں۔ کیا وہ اسلام آباد سے پیر پگارا کے لئے کوئی پیغام لائے ہیں، نادر اکمل لغاری نے اس ملاقات کے بارے میں بتایا کہ پیر پگارا سینئر سیاستدان ہیں، وہ ہمیشہ کارآمد مشورے اور تجویزیں دیتے ہیں۔ اس ملاقات میں بھی انہوں نے بعض کارآمد مشورے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان کے پاس رہنمائی حاصل کرنے کے لئے حاضر ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے حوالے سے بھی پیر پگارا اہم ہیں۔ پیر پگارا کے عدالت یا الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کے بارے میں نادر اکمل نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو معاملات اوپر کی سطح پر حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ فاصلے کم ہوں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||