ڈیرہ بگتی فائرنگ، حالات کشیدہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ڈیرہ بگتی کے نواحی علاقے بیکڑ میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ فائرنگ کا یہ سلسلہ رات گئے شروع ہوا اور اس بارے میں متضاد اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ جمہوری وطن پارٹی کے قائد نواب اکبر بگتی نے کہا ہے کہ فرنٹیئر کور کے چار سو کے لگ بھگ اہلکاروں نے مقامی بگتی قبائل کے لوگوں پر ڈیرہ بگتی سے پینسٹھ کلومیٹر دور شمال میں بیکڑ کے علاقے میں فائرنگ کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایف سی کے اہلکاروں نے بغیر کسی وجہ کے ان کے لوگوں پر فائرنگ کی ہے اور اس دوران بھاری اسلحہ استعمال کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کچھ روز قبل سیکیورٹی اہلکاروں کی کئی گاڑیاں اس علاقے کی طرف گئی تھیں۔ ادھر وفاقی حکومت اور نواب اکبر بگتی کے مابین مذاکرات کا سلسلہ جمود کا شکار ہے تاحال اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ نواب اکبر بگتی نے کہا ہے کہ سب کچھ ہوا میں ہے۔ حالیہ فائرنگ سے ایک مرتبہ پھر حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ فرنٹیئر کور کے بھنبھور رائفل کے کمانڈنٹ کرنل فرقان نے بی بی سی کو بتایا کہ دراصل نواب بگتی کے حمایتی قبائلیوں نے وہاں مقیم ایک اور بگتی سردار غلام قادر مسوری کے لوگوں پر فائرنگ کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں فرنٹیئر کور غیر جانبدار ہے اور ان کے اہلکاروں کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ڈیڑھ سو خاندان جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں بے گھر ہوگئے ہیں اور کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواب بگتی کے لوگ وہاں مورچہ قائم کر رہے تھے اور اس کا مقصد غلام قادر اور ان کے قریبی لوگوں کو سزا دینا تھا۔
غلام قادر مسوری سترہ مارچ کو ڈیرہ بگتی میں ایف سی اور مقامی قبائل کے مابین فائرنگ کے دوران بگتی قبائل کی حراست سے فرار ہو کر ایف سی ہیڈکوارٹر کوئٹہ پہنچ گئے تھے جہاں انہوں نے اخباری کانفرنس میں بتایا تھا کہ وہ نواب بگتی کی حراست میں تھے اور انہیں فائرنگ کے دوران فرار ہونے کا کہا گیا تھا۔ قادر مسوری نے کوئی چھ ماہ قبل اپنے آپ کو بگتی قبائل کے حوالے کر دیا تھا جب بقول ان کے آرمی کی ایک میڈیکل ٹیم ان کے علاقے آرہی تھی جس پر وہاں اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔ اس بارے میں بگتی قبائل کے لوگوں نے کہا تھا کہ میڈیکل ٹیم نہیں بلکہ سیکیورٹی اہلکار اس علاقے میں کسی اور مقصد کے لیے آرہے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||