بلوچستان: ریل پٹڑی پر پھر دھماکہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ بلوچستان کے شہر ڈیرہ اللہ یار میں ریل کی پٹڑی پر دھماکے سے چار افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں تین پولیس اہلکار شامل ہیں۔ یہ دھماکہ شام کے وقت ہوا ہے جب چلتن ایکسپریس گزر چکی تھی اور کوئٹہ ایکسپریس نے اس پٹڑی سے گزرنا تھا۔ ڈی ایس پی عبدل لطیف بلوچ نے بتایا ہے کہ دھماکہ ضلعی پولیس افسر جعفر آباد کے دفتر کے عقب سے گزرنے والی ریل کی پٹڑی پر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گشت پر معمور پولیس اہلکاروں نے بم کی شناخت کر لی تھی اور بم ناکارہ بنانے والی ٹیم کا انتظار تھا اور باقی جگہ کا معائنہ کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران بم پھٹ گیا۔ اس واقعہ کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار اور ایک شہری معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ عینی شاہدین کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ بلوچستان میں ریل گاڑیوں، پلوں اور پٹڑیوں کے علاوہ بجلی اور ٹیلیفون کی تنصیبات پر حملے معمول بن چکے ہیں۔ ایسے کئی واقعات میں جانی نقصان بھی ہوا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||