بلوچستان: ریل پٹڑی پر پھر دھماکہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ بلوچستان کے شہر ڈیرہ اللہ یار میں ریل کی پٹڑی پر ایک اور دھماکہ ہوا ہے لیکن کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ یہ دھماکہ صحبت پور پھاٹک کے پاس ہوا ہے جس سے ریل کی پٹڑی کا کوئی ایک سے ڈیڑھ فٹ حصہ اڑ گیا ہے تاہم اس کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس اہلکار نے ڈیرہ اللہ یار تھانے سے بتایا ہے کہ اس وقت کوئی ریل گاڑی یہاں سے نہیں گزرتی تاہم ایک ریل گاڑی کو احتیاط جیکب آباد میں روک دیا گیا تھا۔ ڈیرہ اللہ یار سے شام کے بعد پھر رات دو بجے کے بعد ریل گاڑیاں گزرتی ہیں۔ یاد رہے منگل کو شام کے وقت ڈیرہ اللہ یار میں پولیس افسر کے دفتر کے پیچھے ریل کے پٹڑی کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں ان میں تین پولیس اہلکار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ منگل کی صبح سیٹلائیٹ تھانہ کی حدود میں ایک گیس دھماکے سے سات مزدور زخمی ہو گئے تھے۔ یہ دھماکہ آٹے کی ایک مل کے سٹور میں ہوا ہے جس میں آٹے کی بوریوں کو نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کے بارے میں سیٹلائیٹ تھانے کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ کمرے میں گیس بھر گئی تھی اور جونہی ایک مزدور نے ماچس جلائی تو ایک زور دار دھماکہ ہوا ہے جس سے سات مزدور جھلس گئے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||