BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 06 April, 2005, 14:22 GMT 19:22 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
خواتین پھر ووٹ نہ ڈال سکیں گی

News image
ماضی میں منتحب ہونے والی خواتین کو بولنے کا حق نہیں دیا گیا
پاکستان میں اس سال بلدیاتی انتخابات منعقد ہونے ہیں جن کے لیے تیاریاں جاری ہیں لیکن صوبہ سرحد کے قدامت پسند علاقے دیر میں غیر سرکاری تنظیموں نے اس تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی علاقے کی خواتین بڑی تعداد میں ووٹ کے حق سے محروم رہیں گی۔

آٹھ لاکھ آبادی پر مشتمل صوبہ سرحد کا پہاڑی ضلع دیر دینی اعتبار سے قدامت پسند ثابت ہوا ہے۔ ماضی میں سیاسی جماعتیں آپس میں معاہدوں کے ذریعے ایک لاکھ پینتالیس ہزار رجسٹرڈ خواتین ووٹروں کو انتخابات میں اپنا حق استعمال کرنے سے محروم رکھتی رہی ہیں۔

اس مرتبہ ضلع میں نئے ووٹروں کا اندراج جب ہوا تو تقریبا چار ہزار مردوں کے مقابلے میں صرف پچھہتر خواتین نے اندراج کروایا ہے۔

اس سے حقوقِ انسانی کی تنظیموں میں تشویش پیدا ہوئی ہے۔ دیر میں کام کر رہی خوئندو کور (بہنوں کا گھر) نامی ایک تنظیم کے ابریش پاشا کا اس کم تعداد میں خواتین کے اندراج کے بارے میں کہنا تھا کہ اس کی ایک وجہ خواتین کو تاخیر سے شناختی کارڈ جاری کرنا اور دوسرا ان کی عدم دلچسپی ہے۔

ابریش نے مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جو خواتین ضلعی یا تحصیل سطح پر منتخب بھی ہوئیں ان کو بولنے تک کا حق نہیں دیا جاتا تھا جس کی وجہ سے خواتین نے اس جانب توجہ دینا چھوڑ دیا ہے۔

ایک اور وجہ پردے دار خواتین کے لئے شناختی کارڈ بنوانا بھی بتائی جاتی ہے۔ دیر سے متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی احمد غفور کم اندراج کی ذمہ داری شناختی کارڈ جاری کرنے والے ادارے نادرا پر ڈالتے ہیں۔

انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ خواتین مردوں سے تصاویر بنانے سے کتراتی ہیں لہذا وہ شناختی کارڈ نہیں بنوا رہی ہیں۔ جہاں تک خواتین ووٹروں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہ دینے کی بات ہے تو انہوں نے کہا کہ وہ اس کہ مخالف نہیں لیکن دیگر سیاسی جماعتیں مل کر انہیں پولنگ سے دور رکھنے کا فیصلہ کرتی ہیں۔

ان سے پوچھا کہ وہ اس رویے کو تبدیل کرنے کے لیے کیا کوئی کوشش کر رہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ نہ تو وہ اس کے مخالف ہیں اور نہ وہ اسے تبدیل کرنے کی کوئی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین خود بھی ووٹ ڈالنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی ہیں۔

دیر کی خواتین کو آخر ووٹ کا حق استعمال کرنے سے روک کون رہا ہے۔ یہی سوال جب ’خوئندو کور‘ کے ابریش پاشا سے کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں چاہے وہ دینی ہوں یا دوسری اس کے خلاف ہیں۔

غیرسرکاری تنظیمیں حکومت سے خواتین کو شناختی کارڈ بنوانے میں سہولت دینے کے علاوہ نئے ووٹروں کے اندراج کی مدت میں اضافے کا مطالبہ بھی کر رہی ہیں۔

حکومت بھی عورتوں کو ان کا جائز مقام دلانے کی بات کر رہی ہے اور غیرسرکاری تنظیمیں بھی اس سلسلے میں فعال ہیں دیکھنا یہ ہے کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات دیر کی خواتین کے لیے کوئی تبدیلی لاتے ہیں یا نہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد