پارلیمانی وفد سوئی کے دورے پر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حکومت اور حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کے ارکانِ پارلیمنٹ کا ایک پندرہ رکنی مشترکہ وفد بلوچستان پہنچ گیا ہے جو سوئی اور ڈیرہ بگتی جائے گا جہاں امکان ہے کہ وفد کے ارکان نواب اکبر بگتی سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ وفد سوئی اور ڈیرہ بگتی کے حالات کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات مرتب کرے گا اور 24 مارچ کو بلوچستان کے مسئلے پر قائم کی گئی پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش کرے گا۔ ڈیرہ بگتی میں حالات ابھی تک کشیدہ ہیں اور اطلاعات کے مطابق وہاں قبائیلیوں نے فرنٹیئر کانٹیبلری کے تین سو سے زائد جوانوں کا محاصرہ کیا ہوا ہے جو ایک قلعے میں محصور ہیں۔ ڈیرہ بگتی سے بڑی تعداد میں لوگ ایف سی اور قبائلیوں کے مابین کسی ممکنہ جھڑپ کے خوف سے نقل مکانی کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پیر کی شب اس کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ ان کو صدر جنرل پرویز مشرف اور وزیر اعظم شوکت عزیز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس مشترکہ وفد کو تمام تر مدد اور اختیارات فراہم کئے جائیں گے۔ سابق وزیر اعظم نے اس بات کا یقین دلایا کہ بلوچستان کا مسئلہ پارلیمنٹ کے ذریعے ہی حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ارکان پارلیمنٹ کی ان درخواستوں کو منظور کر لیا ہے جن میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ بلوچستان میں کوئی فوجی آپریشن نہیں ہو گا اور فوج اپنی پہلی پوزیشن پر واپس چلی جائے گی اور تمام معاملات پارلیمنٹ کے ذریعے حل کئے جائیں گے۔ چوھدری شجاعت نے کہا کہ حکومت کو اس بات کا ادراک ہے کہ بلوچستان میں 1977جیسے حالات دوبارہ نہ پیدا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے مسئلے پر ان کی صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات ہوئی ہے جس کے بعد وزیر اعظم شوکت عزیز بھی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں آئے۔ ان کے مطابق صدر اور وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ کسی کی انا اور ضد کا مسئلہ نہیں ہے اور پالیمنٹ کے ذریعے تمام مسائل کا حل نکالا جائے۔ سوئی اور ڈیرہ بگتی جانے والی کمیٹی میں حکومتی مسلم لیگ کے محمد علی درانی اور نثار میمن،پاکستان پیپلز پارٹی کے نوید قمر،شیری رحمٰن اور اعجاز جاکھرانی،متحدہ قومی موومنٹ کے محمد علی بروہی اور سعید ہاشمی، دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کے حافظ حسین احمد اور لیاقت بلوچ اور دیگر جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ شامل ہیں۔یہ وفد آج شام واپس اسلام آباد پہنچے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||