BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 13 March, 2005, 01:50 GMT 06:50 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
’ہم بھی مفاہمت چاہتے ہیں‘

بے نظیر اردو سروس سے انٹرویو دیتے ہوئے
بے نظیر اردو سروس سے انٹرویو دیتے ہوئے
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر پرسن بے نظیر بھٹو نے حکومت کی طرف سے سیاسی جماعتوں سے مفاہمت کرنے کے بیانات کو ملک کے لیے اچھا شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت بھی مفاہمت چاہتی ہے اور ’ڈائیلاگ‘ پر یقین رکھتی ہے۔

لندن میں پاکستان کےسابق سفیر واجد شمس الحسن کے صاحبزادے کے ولیمے کی تقریب میں بی بی سی اردو سروس سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ انیس سو نناوے سے حکومت کے ساتھ ڈائیلاگ کر رہی ہیں۔

اس تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف بھی موجود تھے جو لندن میں اتوار کو بے نظیر بھٹو سے ایک اہم ملاقات بھی کرنے والے ہیں۔

بے نظیر بھٹو نے حکومت کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بارے میں کہا کہ اگر کوئی مفاہمت ہوجاتی ہے تو یہ ملک کے لیے بھی اچھا ہوگا۔

News image
بے نظیر بھٹو اور شہباز شریف گفتگو کرتے ہوئے

ملک واپس جانے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انھیں حکومت کی طرف سے ’مکسڈ سگنل‘ یا مبہم اشارے مل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف کہا جاتا ہے کہ آپ واپس آجائیں آپ کو کچھ نہیں کہا جائے گا دوسری طرف یہ کہا جاتا ہے کہ آپ کی نقل و حرکت محدود کر دی جائے گی اور مکمل آزادی حاصل نہیں ہو گی۔

انہوں نےحکومت سے کہا کہ وہ اس سلسلے اپنے عزائم واضح کرئے۔انہوں نے کہا کہ وطن واپس جانا ان کا حق ہے اور آئندہ کسی بھی سیاسی موقعے پر
وہ وطن واپس ضرور واپس جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ وطن واپسی پر انہیں یعنی بے نظیر کو وطن واپس لوٹنے پر مقدمات کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے اندر اور ملک کے باہر پہلے ہی عدالتوں اور مقدمات کا سامنا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری، بیگم بھٹو، حاکم علی زرداری ، یوسف رضا گیلانی اور پارٹی کے بہت سے دوسرے رہنما اور کارکن عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ آئندہ انتخابات میں پارٹی کی قیادت کرنے کے لیے واپس جا سکیں گی تو انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں پارٹی کی قیادت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی راہیں مسدود کرنے کے بہت سے اقدامات کیے گئے ہیں اور ایک قانون بھی منظور کرایا جا چکا ہے کہ کوئی شخص دو مرتبہ کے بعد وزیر اعظم نہیں بن سکتا۔

پارٹی کی طرف سے جلد انتخابات کرانے کے مطالبات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات پر دھاندلی کے الزامات ہیں اور بین الااقوامی مبصرین نے بھی ان انتخابات پر شک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان انتخابات کے نتیجے میں جو اسمبلی وجود میں آئی وہ بھی نہیں چل پا رہی اورسیاسی نظام ناکام ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے صوبوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اور بلوچستان میں بلوچ لبریشن موومنٹ بن گئی ہے۔

بے نظیر بھٹو نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کو جلسے جلوسوں کی آزادی حاصل ہے اور کھلا میدان دیا جاتا ہے جب کہ ان کی جماعت پر پابندیاں لگائی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر کوئی چیز ناکام ہے تو اس کا کوئی اور حل تلاش کریں۔‘

پاکستان کی اقتصادی حالت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے حوالے سے حکومت کی طرف سے کیے جانے والے سارے دعوے سراسر غلط ہیں۔ انہوں نےکہا کہ ملک کا خزانہ ضرور بڑھا ہے اور لیکن یہ سب امریکہ کی وجہ سے ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ’منی لانڈری‘ کے قوانین میں سختی کی ہے اس لیے لوگ بینکوں کے ذریعے پیسے وطن بھیج رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کو قرضوں میں سہولت دی گئی ہے اور قرضوں کی واپسی کو موخر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا اگر آج ملک کو قرضے واپس کرنے کو کہا جائے تو معیشت ڈوب جائے۔ انہوں نے کہ ملک میں غربت اس لیے ہے کہ ملک کی پیدواری صلاحیت ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ سرمایہ پیدا نہیں کر رہے اس لیے ملک میں غربت ہے۔

وفاقی وزیر فیصل صالح حیات کا نام ایسے لوگوں کے ناموں کی فہرست شامل کرنے پرجن کے ملک سے باہر جانے پر پابندی ہے انہوں نے کہا کہ ’نیب‘ نے انصاف کو مذاق بنا کر رکھا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک ایسا نظام قائم ہونا چاہیے جس میں انصاف ہوتا ہوا نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ جب اعلی سطح پر انصاف ہوگا تو نچلی سطح پر بھی کرپشن کو ختم کرنے کا موقعہ ملے گا۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد