پاکستان: مزید برفباری کا امکان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ پانچ دنوں سے بارش اور برف باری کا جاری سلسلہ آئندہ تین دنوں تک چلتا رہے گا۔ مطلع ابر آلود رہنے اور وقفے وقفے سے بارش کی وجہ سے خنکی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تفریحی مقام مری سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق برف باری کی وجہ سے کچھ مکانوں کی چھتیں گر گئی ہیں لیکن اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر مری میں بعض تعلیمی ادارے بھی شدید سردی اور برف باری کی وجہ سے بند کردیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے سربراہ، قمرالزمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ان دنوں جو موسم اسلام آباد میں ہے وہ اس شہر کا دس برس پرانا موسم ہے جو اب لگتا ہے کہ واپس لوٹ آیا ہے۔ مسٹر زمان نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ پانچ دنوں میں وقفے وقفے سے ملک کے تمام علاقوں میں بارش ہوئی ہے اور ہلکی بارش کا یہ سلسلہ ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ تین دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ حکام کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بلوچستان میں سخت بارش کا سلسلہ شروع ہوگا جس کے جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے علاقوں کوہلو، سبی اور نصیر آباد سمیت مختلف علاقوں میں جمعرات کو تیز بارش کا بھی امکان بتایا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ چھتیس گھنٹوں میں صوبہ سندھ کے شہروں شکارپور، سکھر اور لاڑکانہ سمیت بعض شہروں میں بھی سخت بارش کا امکان بتایا گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||