| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان میں بارش
کوئٹہ اور بلوچستان کے کچھ مشرقی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہورہی ہے اور ماہرین موسمیات کے مطابق بارش کا یہ نظام آئندہ چوبیس گھنٹے تک بلوچستان میں رہے گا اور اس کے بعد ڈیرہ غازی خان کے راستے سرگودھا اور اسلام آباد جائے گا۔ بارش کا سلسلہ سنیچر کی صبح شروع ہوا اور گیارہ بجے تک سات ملی میٹر بارش ہو چکی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ضیاءالدین نے بتایا ہے کہ بارش کا یہ نظام بحیرہ روم سے اٹھا ہے اور ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوا ہے۔ ’بلوچستان میں کوئٹہ اس کی پہلی منزل ہے جس کے بعد یہ مشرقی علاقوں کی طرف رخ کرتا ہے جن میں لورالائی، ژوب، بارکھان موسیٰ خیل وغیرہ شامل ہیں۔ بلوچستان سے نکل کر یہ نظام سرحد کے کچھ جنوبی علاقے اور پنجاب سے ہوتا ہوا اگلے بہتر گھنٹوں میں پاکستان سے نکل جائے گا۔‘ بلوچستان بھر میں خصوصا کوئٹہ میں بارش کوئی چار ماہ بعد ہوئی ہے اور مسلسل خشکی سے بیماریوں میں اضافہ ہو گیا تھا۔ بلوچستان کا موسم عمومی طور پر خشک رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ بارش کا بڑی بیتابی سے انتظار کیا جاتا ہے۔ موسم کے اس مغربی نظام کو بلوچستان کے کچھ علاقوں میں کافی اہمیت حاصل ہے کیونکہ یہ ان علاقوں کے لیے مون سون جیسی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ نطام بحیرہ روم یعنی افریقہ یورپ اور ایشیا کے درمیان سے اٹھتا ہوا ایران پہنچتا ہے جہاں سے یہ دو راستوں میں تقسیم ہو جاتا ہے۔ ایک افغانستان کے راستے پاکستان کے شمالی علاقوں کی طرف چلا جاتا ہے جبکہ دوسرا بلوچستان میں داخل ہوتا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق موسم کا یہ نظام جنوری تک جاری رہتا ہے اور اس دوران مختلف علاقوں میں بارش ہوتی رہتی ہے۔ سنیچر کو گیارہ بجے تک سات ملی میٹر بارش ہوچکی ہے اور اس میں مزید شدت پیدا ہو رہی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||