’ کے ای ایس سی‘ پر کامیاب بولی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سعودی عرب کے الکنوزالوطن گروپ نےجمعہ کو کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے لئے سب سے بڑی بولی دی ہے جس کو امکان ہے کہ کل وزیراعظم شوکت عزیز کی زیر صدارت کابینہ کی معیشت کے بارے میں کمیٹی کے ایک خصوصی اجلاس میں منظور کر لیا جائے گا۔ کے ای ایس سی کی نجکاری کے لئے نجکاری کمیشن نے بولیاں طلب کی تھیں۔ سعودی عرب کے الکنوز گروپ نے نجکاری کے لئے رکھے گئے کارپوریشن کے تہتر فی صد شیئرز جن کی تعداد نو اعشاریہ سات ارب روپے بنتی ہے ان کو ایک روپے پینسٹھ پیسے فی شیئر کے حساب سے خریدنے کی بولی دی ہے جس کو نجکاری کمیشن نے سب سے بڑی بولی قرار دیا ہے۔ اس بولی کے حساب سے سعودی گروپ کو کے ای ایس سی کی نجکاری کے لیے پندرہ ارب پچاسی کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے۔ سیمنز پاکستان الکنوز گروپ کا پاکستانی شراکت دار ہے۔ دوسری بولی حسن ایسوسی ایٹس کی طرف سے آئی تھی جس میں ان شیئرز کو ایک روپے ایک پیسے میں خریدنے کی بولی لگائی گئی تھی۔ نجکاری کمیشن کے سربراہ اور وفاقی وزیر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ سعودی گروپ کی بولی نجکاری کمیشن کے اندازے سے زیادہ ہے لہذا اس بولی کو کامیاب قرار دیا جاتا ہے۔ ادھر سینیٹ کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے آج علامتی واک آؤٹ کیا۔ اس موقع پر سینیٹ میں قائد حزب اختلاف میاں رضا ربانی نے کہا کہ اس نجکاری سے کارپوریشن کے ہزاروں ملازمین کی نوکریاں خطرے میں پڑ جائیں گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||