پیٹرول قیمتیں واپس لو : سرحد | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کی اسمبلی نے بدھ کو منظور کی جانے والی ایک قرار داد کے ذریعے مرکزی حکومت مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کیا جانے والا مزید اضافہ واپس لیا جائے۔ بدھ کو سرحد اسمبلی کے اجلاس میں میں حزب اختلاف کی جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی رہنما بشیر بلور نے مرکزی حکومت کی جانب سے منگل کو ایک مرتبہ پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف قرار داد ایوان میں پیش کی۔ اس پر حکمراں اتحاد متحدہ مجلس عمل کے رکن میاں نادر شاہ نے بھی حکومت کی جانب سے اپنی ایک قرار داد پیش کی۔ ان قرار داد نے ایوان میں موجود حزب اقتدار اور اختلاف کی تمام جماعتوں کے اراکین کو وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرنے کا ایک موقعہ فراہم کیا۔ اراکین کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی آ رہی ہے لیکن حکومت اس میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے مہنگائی میں غیرمعمولی اضافہ ہوگا۔ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہر قسم کے احتجاج کا اثر اب تک کم ہی ہوا ہے کیونکہ کبھی بھی اس تنقید کی وجہ سے حکومت نے قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی اور نہ ہی کیا جانے والا اضافہ واپس لیا ہے۔ اسمبلی نے قرار داد میں مستقبل میں تیل کی قیمتوں میں اضافے پر بھی پابندی کا مطالبہ بھی کیا۔ آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی نے منگل کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں دو روپے، مٹی کے تیل میں ایک روپیہ اور ڈیزل میں پچانوے پیسے کے اضافہ کا اعلان کیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||