بےحیائی نہیں چلے گی: ایم ایم اے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد میں دینی جماعتوں کے حکمراں اتحاد متحدہ مجلس عمل نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں شراب نوشی اور موسیقی کی محفلیں منعقد کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے جلوس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا اعلان ایم ایم اے اور جے یو آئی کے پشاور میں ضلعی جنرل سیکریٹری حاجی احسان اللہ نے ایک اخباری کانفرنس میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس موقع پر جشن کی تقریبات کے خلاف حکمت عملی طے کر لی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس مقصد کے لئے سپین جماعت اور جامع مسجد کرم شاہ، قصہ خوانی بازار میں مجلس عمل کے کارکن جمع ہوکر پورے شہر میں گشت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نہ تو سنیماؤں پر حملے ہونگے اور نہ پشاور کلب اورگریزن پارک پر چھاپے مارے جائیں گے کیونکہ یہ بقول ان کے وفاقی حکومت کے زیر انتظام ہیں۔ حاجی احسان کا کہنا تھا کہ جہاں شراب کی محفلیں ہونگی اس کی اطلاع پہلے پولیس کو دی جائے گی۔ اگر پولیس نے کوئی کارروائی نہ کی تو پھر مجلس عمل کے کارکن ایکشن لیں گے۔ ایم ایم اے کے رہنما کا کہنا تھا کہ نئے سال کے نام پر کسی کو شراب نوشی اور بےحیائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضع کیا کہ اکتیس دسمبر کی تمام شب پولیس چوکنا رہے گی۔ ہر برس نئے سال کی آمد کے موقع پر صوبہ سرحد خصوصاً پشاور میں دینی جماعتوں کے کارکن حرکت میں آتے ہیں۔ پشاور میں پہلے ہی ایم ایم اے کی حکومت آنے کے بعد سے عوامی سطح پر موسیقی کے پروگراموں پر پہلے سے پابندی عائد ہے۔ لیکن گزشتہ دو برسوں میں نئے سال کے موقع پر ’ڈنڈا بردار جلوسوں‘ کی تشکیل کے باوجود کوئی قابل ذکر گرفتاریاں دیکھنے میں نہیں آئی تھیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||