جہلم اور لیہ میں حادثات، 25 ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جہلم کے قریب ایک تیز رفتار بس کے نالے میں گر جانے سے اٹھارہ افراد ہلاک اور انتالیس کے قریب زخمی ہو گئے ہیں جبکہ لیہ کے قریب ایک اور ٹریفک حادثے میں سات افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مسافروں سے بھری ہوئی ایک تیز رفتار بس ہفتے کی صبح جہلم کے قریب گہرے نالے میں گر گئی جس کی وجہ سے اٹھارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکی خبر رساں ادارے اے پی نے ہسپتال کے ذرائع سے اطلاع دی ہے کہ اس حادثے میں ڈرائیور شدید زخمی ہے۔ ہسپتال کے ذرائع نے کہا ہے کہ حادثے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ زخمی ہونے والے چھ مسافروں کی حالت تشویش ناک ہے۔ ملتان سے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے ندیم سعید نے اطلاع دی ہے کہ ضِلع لیّہ میں ایک ٹریفک حادثے میں چار طالب عِلموں سمیت سات افراد ہلاک جبکہ کم سے کم آٹھ افراد زخمی ہوۓ ہیں ۔ حُکام کے مطابق حادثہ سنیچر کی صُبح اُس وقت پیش آیا جب دھُند کے باعث ایک ویگن چوک اعظم کے قریب گُل اڈا پر سامنے سے آنے والی مسافر بس سے ٹکرا گئی۔ ویگن میں زیادہ تر ایک قریبی سکول کے طالبِ علم سوار تھے ۔ چوک اعظم پولیس نے بتایا کہ گنّے سے لدا ایک ٹریکٹر بمعہ ٹرالی خراب ہو جانے کے وجہ سے سڑک پر ہی کھڑا تھا جبکہ سڑک پر چلنے والی باقی گاڑیوں کے ڈرائیور حضرات کے لیۓ دھُند کے باعث اسِے دور سے دیکھ لینا آسان نہ تھا۔ حادثے کا شکار ہونے والی ویگن اچانک نظر آنے پر کھڑی ہوئی ٹریکٹر ٹرالی کو اوورٹیک کر رہی تھی کے سامنے سے آنے والی بس سے ٹکرا گئی ۔ تصادم کے نتیجے میں وین میں بیٹھےطالب علم محسن نواز، ندیم، وسیم اور فہیم جبکہ تین اور مسافر محمد ظفر، منظور اور واحد بخش مو قع پر ہلاک ہو گۓ۔ آٹھ زخمی افراد میں چار کو اُن کی نازک حالت کے باعث ملتان کے نشتر ہسپتال لایا گیا ہے۔ شدید زخمیوں کے نام راشد، شاہد، قمر اور سعید بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے حادثے کا سبب بننے والے ٹریکٹر ٹرالی کو قبضے میں لے لیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||