ٹرک ندی میں گِر گیا، اڑتیس ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں پولیس نے پیر کے روز بتایا کہ ملک کے شمالی علاقے میں مسافروں سے بھرا ایک ٹرک گہری کھائی میں گر جانے سے کم از کم اڑتیس افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والوں کا تعلق صوبہ سرحد کے ضلع مانسہرہ سے ہے اور ہلاک شدگان میں ایک درجن کے قریب خواتین شامل ہیں۔ پولیس حکام نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ متاثرین صوبہ پنجاب کے شہر مری میں واقع ایک زیارت سے واپس آرہے تھے کہ موڑ کاٹتے ہوئے ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگیا اور گہری کھائی میں جا گرا۔ ضلع مانسہرہ کے تھانہ شنکیاری کے انچارج پولیس افسر ملک اعجاز کے مطابق حادثہ ضلع ایبٹ آباد میں پیش آیا ہے جبکہ متاثرین کا تعلق اس کی حدود میں واقع گاؤں سے ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے تمام لاشیں نکال لی ہیں اور زخمیوں کو ایبٹ آباد کے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 6 بچے بھی شامل ہیں۔ یہ حادثہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 80 کلومیٹر دور اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||